نئی دہلی: مقتول عتیق احمد کی نوجوانوں کو تعلیم پر مائل کرنے کی وڈیو وائرل

اپنے بچوں کیلیے کچھ کرسکو یا نہ کرسکو،اپنا ایک وقت کا پیٹ کاٹ دینا لیکن اپنے بچوں کو پڑھادینا کیونکہ آپ اپنے بچوں کو اس سے بڑی محبت نہیں  دے سکتے،مقتول سابق ایم پی

بھارتی ریاست اترپردیش میں ہفتے کی شام قتل کیے گئے سابق ایم پی عتیق احمد کی نوجوانوں  میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

وائرل وڈیو میں عتیق احمد  عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران نوجوانوں کو تعلیم کی اہمیت آگاہ کرتے ہوئے انہیں اپنی آئندہ نسلوں کو زیور تعلیم سے لازمی آراستہ کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ایم ایل اے عتیق احمد بھائی سمیت پولیس موجودگی میں قتل، قاتلوں نے ’جئے شری رام‘ کے نعرے لگائے

سابق گورنر مقبوضہ کشمیر ستیہ پال نے پلوامہ حملے پر مودی کا پردہ فاش کردیا

 

عرب نیوز سے وابستہ پاکستانی صحافی نعمت خان نےاپنے ٹوئٹر ہینڈل پر وڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ سابق بھارتی ایم پی عتیق احمد اپنی برادری کو تعلیم کوتوجہ دینے کی   ترغیب دے رہے ہیں چاہے اس کیلیے فاقہ ہی کیوں نہ کرنا پڑ جائے۔  نعمت خان نےمزید لکھا کہ انہیں اور ان کے بھائی کو سفاک طریقے سے کیمرے کے ساتھ قتل کیا گیا۔

وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عتیق احمد نے تقریب میں شریک نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ” نوجوانو! ہم صرف اتنا کہنا چاہیں گے کہ اپنے بچوں کیلیے کچھ کرسکو یا نہ کرسکو،اپنا ایک وقت کا پیٹ کاٹ دینا لیکن اپنے بچوں کو پڑھادینا کیونکہ آپ اپنے بچوں کو اس سے بڑی محبت نہیں  دے سکتے“۔

عتیق احمد نے دردمندی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ”میں پانچ مرتبہ ودھایک رہا ،اللہ تعالی نے عزت دی ، شہرت دی ، اس کا لاکھ لاکھ شکر ہے، لاٹھی میں بھی جان دی لیکن کہیں مجھے اپنے اندر کسی کمی کا احساس ہوتا ہے تو یقین مانیں دل سے کہہ رہا ہوں کہ علم کی کمی محسوس ہوتی ہے اور میں بہت سی جگہوں پر احساس کمتری کا شکار ہوجاتا ہوں ، اس لیے میں کہتاہوں کہ وہ دن آپ کے بچے نہ دیکھیں“۔

انہوں نے مزید کہا کہ”یاد رکھنا کہ علم اس لیے حاصل نہیں کیا جاتا کہ ڈگری لیکر جائیں گے تو نوکری ملے گی،نوکری نہ بھی ملے اگرٹرک اور ٹیکسی بھی چلاؤ گے اور آپ پڑھے لکھے ہوگے اور آپ کے پاس علم ہوگا تو یاد رکھنا کہ علم وہ چیز ہے جو آپ کو ہر قدم پر دن میں کئی مرتبہ عزت ا ور سمان دلاتی ہے ، اس لیے اپنے بچوں کوپڑھالینا“۔

متعلقہ تحاریر