پاکستان آئی ایم ایف کی تجویز کردہ اصلاحات پر آگے بڑھے، امریکا
الزبتھ ہوسٹ نے آئی ایم ایف سے طے پانے والی اصلاحات کو مشکل مگر پاکستان کو مضبوط اقتصادی بنیاد پر واپس لانے کیلیے ناگزیر قرار دیدیا۔

امریکا کے محکمہ خارجہ کی نگران برائے امور پاکستان الزبتھ ہوسٹ نے کہا ہےکہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی تجویز کردہ ان اصلاحات پر آگے بڑھے جو تعطل کا شکار ہیں۔
الزبتھ ہوسٹ نے آئی ایم ایف سے طے پانے والی اصلاحات کو مشکل مگر پاکستان کو مضبوط اقتصادی بنیاد پر واپس لانے کیلیے ناگزیر قرار دیدیا۔
یہ بھی پڑھیے
دی اکانومسٹ نے پاکستان میں مزید معاشی بدحالی کی پیشگوئی کردی
ڈیبٹ سسٹین ایبلٹی اینالیسس رپورٹ نے ملکی معیشت اور عوام کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق تھنک ٹینک ولسن سینٹر کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب میں الزبتھ ہوسٹ نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف نے جن اصلاحات پر اتفاق کیا ہے وہ آسان نہیں ہیں، لیکن مزید قرضوں میں گھرنے سے بچنے اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بہت ضروری ہے کہ پاکستان یہ اقدامات کرے تاکہ ملک کو مضبوط اقتصادی بنیادوں پر واپس لایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا سکیورٹی تعلقات ایک برس میں بہتر ہوئے ہیں،افغانستان دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہ بنے، اس مقصد کیلئے امریکی انخلا کے بعد پاک امریکا تعاون جاری ہے۔
الزبتھ ہوسٹ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی طرح امریکا بھی ٹی ٹی پی کے بارے میں فکر مند ہے، طالبان کو ان کے کیے وعدوں پورے کرنے پر زور دینا ہمارے مشترکہ مفاد میں ہے۔ امریکا تکنیکی مصروفیات اور مدد کے ذریعے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔









