صہیونی فضائیہ کے غزہ پر حملے، اسلامی جہاد کے 3 سینئر کمانڈرز سمیت 12 فلسطینی شہید
اسرائیلی طیاروں نے غزہ، رفاح اور خان یونس میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، شہدا میں سینئر کمانڈر جہاد غنام، خلیل صلح البہتینی اور طارق عزالدین شامل،

صہیونی طیاروں کے غزہ کی پٹی پر حملوں میں مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کے 3 سینئر کمانڈرز سمیت 12 فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے غزہ شہر، رفاح اور خان یونس میں اسلامی جہاد کے سینئر کمانڈرز کے گھروں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد ایک عمارت میں آگ بھی لگ گئی۔
یہ بھی پڑھیے
اردوان نے صدارتی الیکشن سے ایک ہفتے قبل صدی کا سب سے بڑا جلسہ کرڈالا
شام کی 10 سال بعد عرب لیگ میں واپسی، رکن ممالک نے رکنیت بحال کردی
صہیونی فضائیہ کے حملوں میں القدس بریگیڈ کی ملٹری کونسل کے سیکریٹری جہاد غنام ،القدس بریگیڈ کی ملٹری کونسل کے رکن اور شمالی خطے کے کمانڈر خلیل صلح البہتینی اورمغربی کنارے میں اسلامی جہاد کے رہنما طارق عزالدین سمیت 12 فلسطینی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔شہدا میں جہادی کمانڈرز کی بیگمات اور بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق وسطی اور جنوبی غزہ پر اسرائیلی فضائیہ کے حملےجاری ہیں جبکہ قابض افواج نے غزہ کے 16 سالہ محاصرے کو مزید سخت کرتے ہوئے ایریز اور کریم سلیم سرحدی کراسنگ کوغیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا ہے۔ تازہ حملے غزہ کے سمندر میں قابض جنگی جہازوں کی ماہی گیروں کی کشتیوں پربمباری کے چند گھنٹے بعد کیے گئے ہیں ۔
غزہ میں تمام فلسطینی مزاحمتی جنگجو، پولیس اور سیکورٹی اہلکار ہائی الرٹ ہیں اور ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی مزاحمت کے ردعمل کے خوف سے غزہ کے اطراف آباد کاروں کو بنکروں میں پناہ لینے کی ہدایات جاری کردی ہیں ۔









