امریکی سینیٹ کمیٹی کا پاکستان میں انٹرنیٹ کی فوری بحالی،کشیدگی کم کرنیکا مطالبہ
انٹرنیٹ کی بندش عوام کی معلومات تک رسائی سمیت دیگر آزادیوں کو بری طرح متاثر کر رہی ہے، چیئرمین کمیٹی برائے خارجہ تعلقات: اقوام متحدہ کا سیکیورٹی فورسز پر تحمل کے اظہار اور مظاہرین سے تشدد سے گریز کا مطالبہ

امریکی سینیٹ کمیٹی نے جمعرات کو حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس فوری طور پر بحال کرے اور کشیدگی میں کمی لائے۔
اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی نے کہا کہ وہ پاکستان میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، جسے اس نے تشویش کا باعث قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیے
امریکا اور یورپی یونین کا عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل
عمران خان کی رہائی؛ وزیراعظم کا اٹارنی جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل نیب پر اظہار برہمی
کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر باب مینینڈیز نے بیان میں کہا کہ”میں کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہوں اور انٹرنیٹ سروسز تک عوام کی رسائی کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتا ہوں “۔
انہوں نے کہاکہ”یہ شٹ ڈاؤن پاکستانی عوام کی معلومات تک رسائی سمیت دیگر آزادیوں کو بری طرح متاثر کررہا ہے “ ۔
دریں اثنا اقوام متحدہ کے حقوق کے سربراہ نے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔ ساتھ ہی انہون نے کہاکہ” مظاہرین کو تشدد سے گریز کرنا چاہیے“۔
اے ایف پی کے مطابق، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نےاپنے ٹوئٹ میں کہا کہ”اظہار رائے کی آزادی، پرامن اجتماع اور قانون کی حکمرانی سیاسی تنازعات کو حل کرنے کی کلید ہیں، غیر متناسب طاقت کی کوئی گنجائش نہیں “۔
ایک امریکی سینیٹر نے امریکی محکمہ خارجہ پر زور دیا ہے کہ وہ حکومت پاکستان پر انتخابات کی تاریخ طے کرنےپردباؤ ڈالے جب کہ دیگر قانون سازوں کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال کو بہت احتیاط سے مانیٹر کر رہے ہیں۔









