شہزادہ ہیری اور میگھن فوٹوگرافرز کے تعاقب کے باعث حادثے سے بال بال بچ گئے

واقعہ نیویارک میں ایوارڈ شو سے واپسی پرپیش آیا، درجنوں گاڑیوں میں سوار فوٹو گرافرز جوڑے کا تعاقب کرتے رہے، کئی اشارے اور رکاوٹیں بھی توڑیں، شاہی جوڑے کی گاڑی کئی بار حادثے سے بچی

برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن ایوارڈ امریکی ریاست نیویارک میں تقریب سے واپسی پر فوٹوگرافرز کے مسلسل تعاقب کے دوران خوفناک حادثے کا شکار ہوتے ہوتے رہ گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نیویارک میں ایک ایوارڈ تقریب میں شرکت کے بعد شہزادہ ہیری، میگھن مارکل اور ان کی والدہ جیسے ہی گاڑی میں سوار ہوکر نکلے تو فوٹوگرافرز کی گاڑیوں نے ان کا تعاقب شروع کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

دی مرر کا شہزادہ ہیری کی ذاتی معلومات غیرقانونی طور پر اکٹھا کرنےکا اعتراف

برطانوی بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کی رسم تاجپوشی دنیا بھر میں مرکز نگاہ بن گئی

ترجمان کے مطابق فوٹوگرافروں کی جانب سے لگاتار دو گھنٹے تک ان کے تعاقب کا سلسلہ جاری رہا، فوٹو گرافرز سے پیچھا چھڑانے کیلئے تیز رفتاری کے باعث کئی مقامات پر ان کی گاڑی دوسری گاڑیوں اور راہگیروں سے ٹکراتے ٹکراتے بچی تھی۔

ترجمان کے مطابق تعاقب کرنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز نے کئی مقامات پر سگنل توڑ ے، فٹ پاتھ پر گاڑیاں چڑھائیں ،رکاوٹیں توڑیں اور  غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرتے ہوئے مسلسل تصاویر بھی بناتے رہے۔

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اپنے ایک بیان میں واقعے کے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فوٹوگرافرز کی درجنوں گاڑیوں نے ہیری اور میگھن کی گاڑی کا پیچھا کیا تھا، واقعے میں کوئی زخمی ہوا نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 1997 میں شہزادہ ہیری کی والدہ لیڈی ڈیانا بھی فوٹوگرافروں کے تعاقب کے باعث پیش آنے والے ایک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئیں تھیں۔

متعلقہ تحاریر