بھارت میں 16سالہ لڑکی کا سابقہ بوائے فرینڈ کے ہاتھوں سرعام بہیمانہ قتل
واقعہ اتوار کو دہلی میں پیش آیا، 20 سالہ ملزم ساحل کو 3سالہ دوستی ختم کرکے سابقہ بوائے فرینڈ سے تعلقات استوار کرنے والی لڑکی پر غصہ تھا، ملزم نے خنجر کے 22 وار کرنے کے بعد پتھر مار مار کے لڑکی کا سرکچل ڈالا، ملزم گرفتار، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئے
دہلی پولیس نے 16 سالہ لڑکی کے بہیمانہ قتل کے الزام میں اس کے 20سالہ سابقہ بوائے فرینڈ ساحل کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے بدلے کی آگ میں کیے گئے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے اپنے کیے پرکوئی پچھتاوا نہیں ہے۔
اتوار کو دہلی کے علاقے شاہ باد میں پیش آئے واقعے میں ملزم نے راہ چلتے ہوئے 16 سالہ لڑکی پر خنجر کے 22 وار کرنے کےبعد پتھر سے اس کا سر کچل دیا۔درجنوں راہ گیروں نے بہیمانہ قتل کو اپنی آنکھوں سے دیکھا لیکن ملزم کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیے
آفتاب پونےوالا کے ہاتھوں قتل کے دلخراش واقعے سے بھارت میں کہرام مچ گیا
دہلی: گرل فرینڈ کے جنونی قاتل آفتاب پونا والا کے مزید سنسنی خیز انکشافات
ایئرکنڈیشن کی مرمت کا کام کرنے والے ملزم کو پولیس نے اترپردیش کے قصبے بلند شہر سے گرفتار کرلیا۔ملزم بہیمانہ قتل کی واردات کے بعد آلہ قتل ٹھکانے لگانے کے بعدبس کے ذریعے اترپردیش کے شہر بلندشہر فرار ہوگیا تھا اور وہاں جاکر اپنے رشتیدار کے گھر روپوش ہوگیاتھا اور اس نے اپنا موبائل فون بند کرلیا تھا۔
New Delhi:— In a shocking display of barbarism, Indian man stabs a minor girl to death for rejecting advances.
☆ 20 years old Sahil stabbed 16 years old Sakshi 40 times with knife, before smashing her face with stones. pic.twitter.com/Ttgc9cWpSo
— South Asia Index (@SouthAsiaIndex) May 29, 2023
تاہم ملزم کی ایک غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس اس تک پہنچ گئی۔ملزم نے فون کھول کر اپنے والد کو کال کی تھی جس پر پولیس نے تکنیکی نگرانی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ملزم نے گرفتاری کے بعد ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ 16 سالہ لڑکی 3 سال سے اس کے ساتھ دوستی تھی تاہم کم عمر لڑکی نے اچانک اسے نظرانداز کرنا شروع کردیا تھا اوراپنے سابقہ بوائے فرینڈ سے مراسم قائم کرلیے تھے جوکہ ایک بدمعاش تھا اور ملزم کو اس کا خوف تھا۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اسے غصہ تھا کہ لڑکی کچھ عرصے سے اسے نظرانداز کررہی تھی،حملے سے قبل ملزم نےشراب بھی پی تھی۔ اتوار کی رات مقتولہ اپنی دوست کے بیٹے کی سالگرہ سے واپس آرہی تھی کہ ملزم ساحل نے اسے سرراہ روک کردیوار سے لگایا اور اس پرچاقو کے پے درپے 22 وار کیےاور لاتیں مارتارہا،لڑکی کے بے سدھ ہونے کے بعد بھی ملزم اس پروار کرتا رہا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے جس میں دیکھاجاسکتا ہے ملزم نے چاقو کے دودرجن وار کرنے کے بعد دیوار کے ساتھ پڑا ہوا کنکریٹ کا بڑاپتھر اٹھا کرمقتولہ کو 5مرتبہ ضرب لگائی اور پھر جائے وقوعہ سے فرار ہونے کے کچھ دیر بعد واپس آیا اور اسی پتھر سےایک مرتبہ پھر مقتولہ کا سر کچل دیا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر درجنوں افراد موجود تھے مگر کسی نے ملزم کو روکنے کی کوشش نہیں کی، مقتولہ کی لاش 25 منٹ تک جائے وقوعہ پر پڑی رہی۔پولیس کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مقتولہ کے جسم پر زخموں کے34نشانات پائے گئے ہیں جبکہ اس کی کھوپڑی کچلی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ نے خود سے فاصلہ اختیار نہ کرنے پر ملزم کو پولیس سے شکایت کرنے کی دھمکی دی تھی اور اسے کھلونا پستول کی مدد سے ڈرایا بھی تھا۔واردات سے ایک روز قبل ملزم کا مقتولہ سے جھگڑا بھی ہوا تھا۔
دلی پولیس نے ملزم کیخلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ302 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے ملزم کا نفسیاتی معائنہ کروانے کا بھی امکان ہے۔