چینی صدر شی جن پھنگ کا سی پیک کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغام

پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہم بہتر معیار کے ساتھ وسیع تر پیمانے پر مزید گہرا تعاون کرتے ہوئے چین پاک آل ویدر اسٹرٹیجک پارٹنرشپ کو نئی بلندی تک پہنچائیں گے

بیجنگ (شِنہوا): چینی صدر شی جن پھنگ نے اکتیس جولائی کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے آغاز کی دسویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب کے نام تہنیتی پیغام بھیجا۔

چینی صدر شی جن پھنگ نے اپنے تہنیتی پیغام میں نشاندہی کی کہ چین پاک اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کا اہم ترین اولین منصوبہ ہے۔ دو ہزار تیرہ میں اس کے افتتاح سے لیکر اب تک دونوں ممالک مشترکہ مشاورت، مشترکہ تعمیر اور مشترکہ شیئرنگ کے اصولوں کے مطابق سی پیک منصوبوں کی تعمیر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ متعدد ابتدائی ثمرات حاصل کئے گئے ہیں، جن کی بدولت نہ صرف پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کو نئی قوت محرکہ ملی ہے بلکہ خطے میں باہمی رابطے اور انضمام کے عمل کے لئے اچھی بنیاد ڈالی گئی ہے۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ چین پاک اقتصادی راہداری چین اور پاکستان کے درمیان چار موسموں کی دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت بن گئی ہے۔ یہ راہداری دونوں ممالک کے درمیان نئے دور میں قریب تر چین پاک ہم نصیب معاشرہ تشکیل دینے میں اہم حمایت بھی فراہم کر چکی ہے۔

 صدر شی جن پھنگ نے اس با ت پر زور دیا کہ مستقبل میں چین پاکستان کے ساتھ ملکر اعلیٰ معیاری، پائیدار اور عوام دوست اہداف پر قائم رہتے ہوئے منصوبہ بندی اور انتظامات کو بہتر بنانے اور تعاون کو توسیع دینے کا خواہاں ہے تاکہ سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کے اعلیٰ معیار کے ساتھ مشترکہ تعمیر کے شعبے میں ایک مثالی منصوبہ بنایا جائے۔ چاہے بین الاقوامی صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں رونما کیوں نہ ہوں، چین ہمیشہ ثابت قدمی سے پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہاتھ میں ہاتھ اور شانہ بہ شانہ ہماری آہنی دوستی کو فروغ دیتے ہوئے ترقی اور سلامتی کو بہتر انداز میں مربوط کرے گا۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہم بہتر معیار کے ساتھ وسیع تر پیمانے پر مزید گہرا تعاون کرتے ہوئے چین پاک آل ویدر اسٹرٹیجک پارٹنرشپ کو نئی بلندی تک پہنچائیں گے اور دونوں ممالک نیز خطے کے امن و خوشحالی کے لئے مزید خدمات سرانجام دیں گے۔

متعلقہ تحاریر