پاکستان کی ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی

ایران پر اسرائیلی حملے ایران کی خود مختاری کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، اسرائیلی اشتعال انگیز کارروائیاں علاقائی و عالمی امن و سلامتی کےلیے سنگین خطرہ ہیں۔

وزارت خارجہ کا اس حوالے سے بیان میں کہنا ہے کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ فوری طور پر یہ جارحیت رکوائیں، عالمی قوانین کی حفاظت اور حملہ آور کو جوابدہ بنانے کی ذمہ داری اقوام متحدہ پر عائد ہوتی ہے۔

پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ یہ حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل51 کے تحت دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

وزارت خارجہ کا بیان میں مزید کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی کارروائیاں ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے ایران کی خود مختاری کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔

اس حوالے سے اپنے بیان میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے ناقابلِ جواز اور قابلِ مذمت ہیں، یہ قابلِ نفرت اقدام بین الاقوامی قانون کی بنیادیں ہلادینے کے مترادف ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت نے انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑا ہے، یہ اقدام خطے کے امن اور عالمی سلامتی کےلیے سنگین خطرہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

متعلقہ تحاریر