ڈونلڈ ٹرمپ کی عمارت منہدم کردی گئی

8 ہزار مربع میٹر ، 39 منزلوں اور 906 کمروں پر مشتمل عمارت 1984 میں جوئے بازی کے لیے تعمیر کی گئی تھی۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اٹلانٹک شہر میں واقع کیسینو کی عمارت کو منہدم کردیا گیا ہے۔ عمارت گرائے جانے کے منظر کو 25 لاکھ افراد نے براہ راست دیکھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق بحر اوقیانوس کے ساحل پر واقع امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے اٹلانٹک سٹی میں قائم ٹرمپ پلازہ کو بدھ کے روز مسمار کردیا گیا ہے۔ ایک وقت تھا جب نیو جرسی کے شہر اٹلانٹک میں واقع ڈونلڈ ٹرمپ کی جوئے بازی کی عمارت ایک سلطنت کی حیثیت رکھتی لیکن اب ملبے کا ڈھیر بن چکی ہے۔

سابق امریکی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے عمارت کے گرائے جانے پر ایک طنزیہ ٹوئٹ میں ہاتھ ہلانے کا ایموجی شیئر کیا ہے (جیسے بائے بائے کہہ رہی ہوں)۔

8 ہزار مربع میٹر ،39 منزلوں، 906 کمروں اور جوئے خانوں پر مشتمل عمارت چند سیکنڈز میں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہے۔ عمارت گرنے پر علاقے میں دھول کے بادل چھا گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

لائیو اسٹریمنگ نے ماؤ نسل کی دستکاری کی فروخت کو پر لگا دیے

2016 میں امریکی صدر منتخب ہونے سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ اسٹیٹ ایجنسی اور عمارتوں کی تعمیر کا کام کرتے تھے۔ انہوں نے یہ عمارت 1984 میں جوئے بازی کے لیے بنائی تھی۔ یہ وہ جگہ تھی جہاں کبھی باکسنگ کے بڑے بڑے مقابلے بھی ہوا کرتے تھے۔

1984 سے 1991 تک کیسینو کے منیجر رہنے والے برنی ڈلن نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ‘جوئے بازی کے اڈے پر گزارے گئے دن شاندار ماضی کا حصہ تھے۔’

انہوں نے بتایا کہ ‘جس طرح سے ہم نے پوری دنیا کے لیے ٹرمپ پلازہ اور اٹلانٹک سٹی کا نقشہ تیار کیا وہ واقعی ناقابل یقین تھا۔ ہاک ہوگن سے لے کر مک جگر اور کیتھ رچرڈز سمیت تمام مشہور شخصیات یہاں کا دورہ کرچکی ہیں۔’

برنی ڈلن نے مزید کہا کہ ‘نیوجرسی میں جوئے کے اڈے بند ہونے سے یہ عمارت بےکار ہوگئی تھی لیکن اسے مسمار ہوتا دیکھ کر دکھ ہوا۔’

متعلقہ تحاریر