شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن کی بہن کی امریکا کو دھمکی
کم یو جونگ کا کہنا ہے کہ امریکا خطے میں بارود کی بو پھیلانے سے گزیر کرے۔
شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن کی بہن ’کم یو جونگ‘ نے امریکا کی انتظامیہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ سکون کی نیند سونا چاہتے ہیں تو بارود کی بو پھیلانے سے گریز کریں۔
امریکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن کی بہن کم یو جونگ نے یہ دھمکی اس وقت دی ہے جب ریاست ہائے متحدہ امریکا کے سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن اور سیکریٹری دفاع لوئڈ آسٹن جاپان کے دورہ پر ہیں۔
کم یو جونگ کا کہنا ہے کہ ’امریکی سیکریٹری خارجہ اور سیکریٹری دفاع کا دورہ جاپان ہماری سرزمین پر بارود کی بو پھیلانے کی ایک کوشش ہے۔ اس لیے ہمارا مشورہ ہے کہ امریکی انتظامیہ ایسی کسی بھی کوشش سے گریز کرے۔‘
واضح رہے کہ شمالی کوریا کے صدر کِم جونگ اُن کی بہن کِم یو جونگ شمالی کوریا کی سب سے بااثر خاتون اور ممکنہ طور بڑی رہنما سمجھی جاتی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنے دور حکومت میں شمالی کوریا کے اسلحے کے ڈھیروں کو دنیا کے لیے خطرہ قرار دیا جاتا رہا ہے۔ جمعہ کے روز امریکی صدر جو بائیڈن نے جاپان، آسٹریلیا اور انڈیا کے رہنماؤں کے ساتھ ایک سمٹ میں شرکت کی تھی جسے ’کواڈ‘ کا نام دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
تائیوان کرونا وائرس سے پاک ہوگیا
سابقہ حکمرانوں کی نسبت امریکی صدر جو بائیڈن شمالی کوریا کے لیے اپنے دل میں نرم گوشہ رکھتے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے پالیسی سازوں کو شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کی ہدایت کی ہے۔
تاہم اس دھمکی پر وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جین ساکی نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ’ہم ابھی شمالی کوریا کی جانب سے دی جانے والی دھمکی پر کوئی براہ راست تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔‘
یاد رہے کہ 2019 میں امریکی صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کا دورہ کیا تھا۔ دورے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلیٰ سطح کے 3 اجلاسوں میں شرکت کی تھی تاہم شمالی کوریا نے ایٹمی اسلحے میں تخفیف پر بات کرنے سے انکار کردیا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق جنوری میں ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سے رخصت ہونے سے ایک دن قبل کم جونگ اُن نے امریکا کو سب سے بڑا دشمن قرار دیا تھا اور امریکا کو گھٹنوں پر لانے کی دھمکی بھی دی تھی۔