برطانیہ کے سابق شہزادے کو ملازمت مل گئی

سابق شہزادہ ہیری نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں۔

برطانوی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے سابق شہزادے ہیری کو امریکی کمپنی میں ملازمت مل گئی ہے اور اب وہ ‘بیٹر اپ’ میں چیف امپیکٹ آفیسر کے عہدے پر کام کریں گے۔

شاہی محل سے دستبرداری کے بعد سابق شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور بیٹے آرچی کے ساتھ مستقل طور پر امریکا منتقل ہوگئے ہیں۔ ہیری اب ذہنی صحت پر کام کرنے والی امریکی کمپنی ’بیٹراپ‘ میں چیف امپیکٹ آفیسر کے فرائض انجام دیں گے۔

بیٹراپ سال 2013 میں امریکی شہر سان فرانسسکو میں قائم کی گئی تھی جس نے چند سالوں میں خاطر خواہ ترقی کرلی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس تقریباً دو ہزار کوچز ہیں جو 49 زبانوں میں دنیا کے 66 ممالک میں خدمات فراہم کررہے ہیں۔

سابق برطانوی شہزادہ ہیری نئی ملازمت کے حوالے سے پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ملازمت کو کرنے کا مقصد ذہنی صحت سے متعلق ضروری بحث کو اجاگر کرنا، ایک ہمدرد کمیونیٹی کا قیام اور ایماندار اور حساس موضوعات پر مباحثے کے لیے ماحول کو فروغ دینا ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ہیری پراڈکٹ اسٹریٹجی سے متعلق فیصلہ سازی اور رفاہی معاملات پر اپنی رائے دینے کے علاوہ ذہنی صحت کے موضوعات پر عوامی سطح پر بات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

ہیری اور میگھن کے انٹرویو کی کڑیاں ‘دی کراؤن’ سے مل رہی ہیں؟

بیٹراپ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) الیکسی روبیچاکس کا کہنا ہے کہ ہیری کمپنی کے لیے ایک بہترین اضافہ ہیں۔ ان کی متاثر کن شخصیت اور اقدامات قابل تعریف ہیں۔

ہیری اور میگھن اپنے خاندان کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے آن لائن اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس اور میوزک اسٹریمنگ کی دنیا کی مشہور ترین سروس اسپوٹیفائی کے ساتھ معاہدہ بھی کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ معروف جوڑے نے اوپرا ونفری کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ شاہی خاندان سے دستبرداری کے بعد ان کا نان نفقہ بند کردیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر