روئٹرز کا پاکستان اور انڈیا کے درمیان خفیہ مذاکرات کا دعویٰ

رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کی انٹیلی جنس کے اعلیٰ افسران نے دبئی میں خفیہ مذاکرات کیے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان خفیہ مذاکرات کا دعویٰ کیا ہے۔ تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پیدا ہونے والے تناؤ کو کم کرنے کے لیے دونوں ممالک کے سینئر انٹیلی جنس حکام نے جنوری میں دبئی میں ملاقات کی ہے۔

22 مارچ 2021 کو عالمی جریدے بلومبرگ کے پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے عرب امارات کی سفارتی کوششوں کے انکشاف کے بعد اب برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اہم رپورٹ شائع کردی ہے۔

روئٹرز کے مطابق کشمیر کے مسئلے پر پیدا ہونے والے فوجی تناؤ کو کم کرنے کے لیے پاکستان اور انڈیا کے اعلیٰ انٹیلی جنس افسران نے جنوری میں خفیہ مذاکرات کیے۔ بات چیت دبئی میں ہوئی تھی جس کا مقصد مستقبل میں تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ایک روڈ میپ تیار کرنا تھا۔

مقبوضہ کشمیر
SAMAA

یہ بھی پڑھیے

کیا انڈیا پاکستان امن ڈیل متحدہ عرب امارات نے کرائی؟

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بات چیت کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان اور انڈیا کے پاس معقول وجوہات ہیں۔ انڈیا چین کے ساتھ سرحدی تنازعے میں الجھا ہوا ہے اور قطعی نہیں چاہتا کہ اس وقت اسے اپنی فوج پاکستان کی سرحدوں پر بھی پھیلانی پڑے۔

دوسری طرف پاکستان ہے جوکہ معاشی مشکلات کا شکار ہوکر آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکج لے چکا ہے۔ پاکستان کی توجہ افغانستان کے ساتھ ملنے والی سرحد کو مستحکم کرنے پر ہے کیونکہ امریکی فورسز کے انخلا کے بعد پاکستان کو سرحد پر زیادہ توجہ دینا ہوگی۔

روئٹرز نے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے پاکستان کے عسکری ذرائع اور انڈیا کے دفتر خارجہ نے کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔ تاہم ادارے نے پاکستان کی ایک اعلیٰ دفاعی تجزیہ کار عائشہ صدیقہ کا حوالہ دیا ہے۔ رپورٹ میں جاری بیان کے مطابق عائشہ صدیقہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے انٹیلی جنس حکام تھائی لینڈ، دبئی اور لندن میں گذشتہ کئی ماہ سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان انڈیا کے درمیان تعلقات مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بعد مزید خراب ہوئے۔ انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے اس اقدام سے پاکستان میں غم و غصہ پیدا ہوا اور دو طرفہ تجارت کا سلسلہ بند ہوگیا۔ صورتحال مزید بگڑی جب سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی بات کی گئی۔

متعلقہ تحاریر