نریندرہ مودی سے استعفے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کی وباء سے متاثرہ تقریباً 3 ہزار 300 افراد انتقال کر گئے ہیں۔

انڈیا میں کرونا کی وباء کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم نریندرہ مودی سے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 3 ہزار300 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اسی طرح انڈیا میں پہلی بار کووڈ 19 سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

فیس بک پر صارفین کی بڑی تعداد نے ریزائن مودی‘ (مودی استعفیٰ دو) کے نام سے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے پوسٹس کی تھیں۔ بعد ازاں اس ہیش ٹیگ کے ساتھ استعمال کی جانے والی تمام پوسٹس غائب ہوگئی تھیں۔ تاہم انڈیا کے نشریاتی ادارے نیو دہلی ٹیلی ویژن (این ڈی ٹی وی) کے مطابق فیسبک نے مودی استعفیٰ دو کے ہیش ٹیگ کو اب دوبارہ بحال کردیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس ہیش ٹیگ کے ساتھ کی جانے والی پوسٹس غلطی سے ہٹ گئی تھیں۔

بدھ کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی انڈین وزیر اعظم نریندر مودی سے استعفے کا مطالبہ ٹاپ ٹرینڈ بنارہا تھا۔

نریندر مودی استعفے

انڈین میڈیا کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ کرونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس طرح انڈیا میں مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 79 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا کے مسلمان شہری ہندوؤں کی مدد کے لیے سب سے آگے

انڈین دارالحکومت نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجری وال نے کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے دارالحکومت میں نافذ لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے۔

انڈیا کی ریاست اتراکھنڈ کے شہر ہریدوار میں کرونا کی وباء کی خطرناک صورتحال میں مارچ اور اپریل کے دوران ہندوؤں کا مذہبی تہوار کمبھ میلہ بھرپور انداز سے منایا گیا تھا۔ کمبھ کے میلے میں تقریباً 50 لاکھ سے زیادہ عقیدت مندوں نے شرکت کی تھی اور دریائے گنگا میں نہانے کی رسم ادا کی تھی۔

کمبھ میلے کی اجازت دینے پر انڈین وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کانگریس کی ترجمان روشنی کشل جیسوال نے گذشتہ دنوں ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا تھا جس میں وہ کمبھ کے میلے کے مقام پر کھڑی تھیں اور ان کے پیچھے لاشوں کے انبار لگے ہوئے تھے جنہیں ایک ایک کر کے جلایا جارہا تھا۔ روشنی کشل نے نریندر مودی کی لاپرواہی پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ موت نہیں بلکہ قتل ہے۔

مقبوضہ جنوبی کشمیر میں ہمالیہ کے مقام پر سالانہ 56 روزہ امرناتھ یاترا کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ امرناتھ یاترا کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرونا کی وباء کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر فی الحال امرناتھ یاترا کے لیے یاتریوں کی رجسٹریشن کا عمل معطل کردیا گیا ہے تاہم ابھی یاترا کو منسوخ کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ امرناتھ یاترا کا انعقاد 28 جون سے 22 اگست تک کیا جاتا ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق شری امرناتھ شرائن بورڈ (ایس اے ایس بی) نے کووڈ 19 کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر یاتریوں کی رجسٹریشن عارضی طور پر معطل کردی ہے۔

کرونا کی وبائی صورتحال میں انڈیا کی ریاست مغربی بنگال میں 35 نشستوں پر 283 امیدواروں کے درمیان آج انتخابی معرکہ ہورہا ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق مغربی بنگال میں 2 امیدوار کرونا کی وباء کی وجہ سے انتقال کرچکے ہیں جبکہ ایک امیدوار کی اہلیہ نندیتا سنہا نے الیکشن کمیشن کے افسران کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔

انڈیا میں گذشتہ 2 ہفتوں سے روزانہ کی بنیاد پر ڈھائی لاکھ سے زیادہ کرونا کیسز رپورٹ ہورہے ہیں تاہم انڈیا کے سب سے بڑے کرکٹ ایونٹ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا انعقاد جاری ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے پیغام میں کہا گیا تھا کہ ہم کرونا کی وباء کی وجہ سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ شائقین کرکٹ اچھے اور صحت مندانہ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہوں۔ لہذا انڈین پریمیئر لیگ کا 13واں ایڈیشن 15 اپریل تک منسوخ کردیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر