کینیڈا میں اسلاموفوبیا نے پاکستانی خاندان کی جان لے لی

پولیس نے کینیڈین دہشتگرد کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

پچھلے چند برسوں میں مغربی ممالک میں رہنے والے کئی مسلمانوں کو تعصب کی بناء پر قتل کیا گیا لیکن آج تک کسی مغربی رہنما نے ایسے کسی واقعے کے لیے اسلاموفوبیا کی اصطلاح استعمال نہیں کی۔ کینیڈا میں 4 مسلمانوں کو دہشتگردی کا نشانہ بناتے ہوئے قتل کردیا گیا جس پر کینیڈین وزیراعظم نے سخت الفاظ میں واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسلاموفوبیا قرار دیا ہے۔

کینیڈا میں ایک دہشتگرد نے پاکستانی خاندان کے 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ صوبہ اونٹاریو کے شہر لندن میں 20 سالہ شخص نے پک اپ ٹرک کو فٹ پاتھ پر چڑھا کر خاندان کو روند دیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 74 سالہ ماں، 46 سالہ بیٹا، 44 سالہ بہو اور 15 سالہ پوتی شامل ہیں۔ واقعے میں 9 سالہ بچہ بھی شدید زخمی ہوا جو اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

ڈیٹیکٹیو سپرینٹنڈنٹ پال وائٹ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دہشتگرد مذہبی تعصب میں مبتلا تھا جبکہ پولیس نے کینیڈین دہشتگرد کو قتل کے 4 اور اقدام قتل کے ایک الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا کہ اونٹاریو کے شہر لندن میں ہونے والے اس واقعے نے انہیں ہلا کر رکھ دیا ہے۔ وہ اس مشکل کی گھڑی میں ملک میں موجود تمام مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اس بچے کے ساتھ بھی کھڑے ہیں جو اس وقت اسپتال میں داخل ہے۔

یہ بھی پڑھیے

فرانس مذہبی ہم آہنگی نیوزی لینڈ سے سیکھے

جسٹن ٹروڈو نے واضح کیا کہ کینیڈا میں اسلاموفوبیا کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ خاموشی سے پنپنے والی یہ نفرت انتہائی خطرناک ہے۔ اس نفرت کو جلد سے جلد ختم کرنا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ اونٹاریو ڈگ فورڈ نے بھی مقتولین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ اونٹاریو میں نفرت اور اسلامو فوبیا کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

حیران کن طور پر ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی مغربی ملک میں مسلمانوں کا قتل کیا گیا ہو اور وہاں کے رہنماؤں نے اسے اسلاموفوبیا قرار دے کر اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی بات کی ہو۔

وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ اسلاموفوبیا کی روک تھام کے لیے عالمی برادری کی جانب سے اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ کینیڈا میں اس سے پہلے بھی مسلمانوں کے خلاف دہشتگردی کا واقعہ پیش آچکا ہے۔ سال 2017 میں کیوبک میں دہشتگرد نے مسجد میں 6 نمازیوں پر فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔

متعلقہ تحاریر