پاکستانی نژاد زاہد قریشی پہلے امریکی وفاقی جج نامزد
امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے وفاقی جج کے لیے نامزد زاہد قریشی کو 16 کے مقابلے میں 83 ووٹ ملے ہیں۔

امریکی سینیٹ کے ارکان نے جمعرات کے روز پاکستانی نژاد امریکی شہری زاہد قریشی کو حق رائے دہی کے ذریعے نیوجرسی میں وفاقی جج کے طور پر نامزد کیا ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن کے جانب سے نامزد ہونے والے زاہد قریشی کو 16 کے مقابلے میں 83 ووٹ حمایت میں ملے ہیں۔
پاکستانی نژاد زاہد قریشی امریکا کی وفاقی عدالت کے پہلے ایشیائی امریکی جج ہوں گے۔ وہ امریکی قانون کے آرٹیکل 3 کے تحت وفاقی جج کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
امریکی صدر جوبائیڈن نے رواں برس 30 مارچ کو زاہد قریشی کو امریکی ریاست نیوجرسی کے لیے وفاقی جج نامزد کیا تھا۔ امریکی صدر نے اپنے ارادے کی تکمیل کے لیے زاہد قریشی کا نام 19 اپریل کو امریکی سینیٹ کو ارسال کیا تھا۔ 28 اپریل کو سینیٹ کی عدلیہ کی کمیٹی نے ان کی نامزدگی سے متعلق سماعت کی تھی اور 20 مئی کو 3 کے مقابلے میں 19 ووٹوں سے ان کی نامزد کی منظوری دی تھی۔

امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر ڈک ڈربن نے نومنتخب وفاقی جج کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ’جسٹس زاہد قریشی کو عوامی خدمات کا ایک وسیع تجربہ ہے۔ انہوں نے اپنی عملی زندگی کا آغاز ریاست نیوجرسی میں ایک لا فرم سے کیا تھا۔ ایک فوجی وکیل کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے وہ کیپٹن کے عہدے تک پہنچے۔ انہوں نے 2004 سے 2006 تک عراق میں خدمات انجام دیں۔ 2019 میں انہیں نیوجرسی میں مجسٹریٹ مقرر کیا گیا اور اب وہ ریاست میں وفاقی عدالت کی بنچ میں جج کے طور پر کام کرنے والے پہلے ایشیائی امریکی اور مسلم جج ہوں گے۔‘
زاہد قریشی کا مختصر تعارف
زاہد قریشی ایک پاکستانی نژاد امریکی شہری نثار قریشی کے صاحبزادے ہیں۔ ان کی والدہ کا نام شاہدہ قریشی ہے۔ زاہد قریشی نیویارک سٹی میں پیدا ہوئے اور نیوجرسی سے اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کی۔
انہوں نے 1997 میں جان جے کالج آف کریمنل جسٹس سے بیچلر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی اور روجرز لاء اسکول سے قانون میں ڈگری حاصل کی۔ زاہد قریشی نے 2001 میں ایک لاء فرم میں ملازمت اختیار کی لیکن 11 ستمبر 2001 کو امریکا کے ٹوئن ٹاورز پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد امریکی فوج میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔
زاہد قریشی کی تقرری کا خیر مقدم
امریکا کی مسلمان تنظیموں اور پاکستانی امریکی برادری نے زاہد قریشی کی تقرری کا خیر مقدم کیا ہے۔ نیوجرسی مسلم لائرز ایسوسی ایشن کی صدر ڈالیا یوسف نے کہا کہ انہوں نے زاہد قریشی کی نامزدگی اور ان کے نام کی توثیق کے پورے عمل کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ وہ وفاقی جج کے طور پر زاہد قریشی کی تقرری پر بہت پرجوش ہیں۔
زاہد قریشی امریکا کی مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے ان 11 افراد میں سے ایک ہیں جنہیں صدر جو بائیڈن نے اس سال کے اوائل میں عدالتی خدمات کے لیے نامزد کیا تھا۔
امریکی صدر جوبائیڈن کی کابینہ ملکی تاریخ میں اب تک کی سب سے متفرق کابینہ ہے۔ اس کابینہ میں نصف تعداد خواتین کی ہے اور ان میں اکثریت سیاہ فام خواتین کی ہے۔ جبکہ جوبائیڈن کابینہ میں پہلے سے ہی مختلف عہدوں پر 3 پاکستانی نژاد دلاور سید، سلمان احمد اور علی زیدی تعینات ہیں۔