جنسی ہراسگی کے الزامات پر نیویارک کے گورنر مستعفی

آزادانہ تحقیقاتی رپورٹ میں اینڈریو کومو پر 11 خواتین کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

امریکی ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے جنسی ہراسگی کے الزامات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ آزادانہ تحقیقاتی رپورٹ میں ان پر 11 خواتین کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے اینڈریو کومو امریکا کی چوتھی بڑی آبادی والی ریاست نیویارک کے تیسری مرتبہ گورنر بنے تھے۔ وہ 2011 سے گورنر کے عہدے پر فائز تھے۔

امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک کے اٹارنی جنرل آفیس نے گورنر پر لگنے والے الزامات کی 5 ماہ قبل تحقیقات شروع کی تھی۔ کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اینڈریو کومو 11 خواتین کو ہراساں کرچکے ہیں جو کہ امریکی ریاستی قوانین کی خلاف ورزی اور ایک غیراخلاقی عمل ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد گورنر اینڈریو کومو اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے خواتین سے کسی قسم کی نازیبا حرکت کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بس خواتین سے محبت کا اظہار اور انہیں محظوظ کرنے کے لیے ایسا کرتے تھے۔

خبررساں اداروں کے مطابق  اینڈریو کومو ایک ایسے وقت پر مستعفی ہوئے ہیں جب ریاست میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اگر گورنر استعفیٰ نہ دیتے تو ممکنہ طور پر انہیں مواخذے کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا۔

امریکا میں سیاسی ماہرین تحقیقاتی رپورٹ کو گورنر کے سیاسی مستقبل کے لیے بڑا دھچکا قرار دے رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گورنر کے جانے سے ریاستی انتظامیہ کو کرونا کی صورتحال پر قابو پانے میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

عالمی یوم خواتین اور پاکستان میں جنسی ہراسگی کا سب سے بڑا مقدمہ

امریکی میڈیا کے مطابق اینڈریو کومو کی جگہ اب ڈیموکریٹ پارٹی کی خاتون رہنما کیتھی ہوشل گورنر کا منصب سنبھالیں گی۔  مغربی نیویارک سے تعلق رکھنے والی کیتھی ہوشل دسمبر 2022 تک گورنر کا عہدہ سنبھالیں گی۔ وہ ریاست نیویارک کے گورنر کے عہدے  پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہوں گی۔

واضح رہے کہ ہراسگی کے الزامات کے بعد صدر جو بائیڈن  اور اسپیکر نینسی پلوسی سمیت متعدد امریکی سینیٹرز نے گورنر اینڈریو کومو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا لیکن انہوں نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا تھا۔

Facebook Comments Box