پاکستان مخالف بھارتی اینکر ارنب گوسوامی برطانوی عدالت میں جھوٹا ثابت
پاکستانی نژاد برطانوی پراپرٹی ٹائیکون انیل مسرت نے بھارتی نیوز چینل ری پبلک ٹی وی کے خلاف لندن ہائی کورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا، گوسوامی نے انیل مسرت کو آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دیا تھا، 47ہزار500 پاؤنڈ کا جرمانہ عائد

پاکستان کیخلاف زہر افشانی کرکے شہرت حاصل کرنے والا بھارتی اینکر ارنب گوسوامی برطانوی عدالت میں جھوٹا ثابت ہوگیا۔
پاکستانی نژاد برطانوی پراپرٹی ٹائیکون اور سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست انیل مسرت نے بھارتی نیوز چینل ری پبلک ٹی وی کے خلاف لندن ہائی کورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔
ارنب گوسوامی نے انیل مسرت کو ایک پروگرام میں آئی ایس آئی کا”ایجنٹ “قرار دیا تھا اور ان پر بھارت میں دہشت پھیلانےکا الزام بھی لگایا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
بھارت میں مذہبی بنیاد پر بڑے پیمانے پر قتل عام کا خطرہ ہے، امریکی سفیر
کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی جاری، جون میں 35 کشمیری شہید کردیئے
عدالت نے ارنب گوسوامی کو 10 ہزار پاؤنڈ ہرجانے کےعلاوہ مقدمے پراٹھنے والے اخراجات کی مد میں 37500 پاؤنڈ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے ، واضح ہے کہ انیل مسرت نے صرف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
ری پبلک ٹی وی پر متنازع پروگرام 22 جولائی 2020 کو نشر ہوا تھا، لندن ہائی کورٹ میں یہ بات ثابت ہوگئی کہ الزام بغیر ثبوت کے لگائےگئے تھے، پروگرام میں انیل مسرت کی تصویر دکھا کر کہا گیا کہ کیا بالی ووڈ کو دہشت گردی کے حامی سے تعلق رکھنا چاہیے؟
ارنب گوسوامی نے پروگرام میں کہا تھاکہ مجھے نہیں لگتا کہ اظہار رائے کی آزادی ان لوگوں کے ساتھ بھائی چارے کی اجازت دیتی ہے جو ہندوستان میں دہشت گردوں کو بھیجنے میں واضح طور پر ملوث ہیں۔
واضح رہے کہ انیل مسرت بالی ووڈ شخصیات کے بڑے مداح ہیں اور اداکار انیل کپوراور سنیل شیٹھی سمیت کئی بالی ووڈ شخصیات سے ان کے دوستانہ مراسم ہیں۔ اسی وجہ سے ارنب گوسوامی نے انیل مسرت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا تاہم ری پبلک ٹی وی نے کسی بھی مرحلے پر عدالتی کارروائی میں حصہ نہیں لیا۔
خیال رہےکہ انیل مسرت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قریبی دوست ہیں اور وہ پی ٹی آئی کے لیے فنڈز بھی فراہم کرتے رہے ہیں، اس کے علاوہ وہ وزیراعظم شہباز شریف، یوسف رضا گیلانی اور مخدوم احمد محمود کے ساتھ بھی بہترین روابط رکھتے ہیں۔









