اماراتی حکومت کا28 ارب درہم کے امدادی پیکیج میں پٹرول پر بھی سبسڈی کا اعلان
اسکیم کے تحت 2.10 درہم فی لیٹر سےزائد قیمت کے ایندھن پر 85 فیصدتک رعایت فراہم کی گئی ہے۔ امارات میں پٹرول کی موجودہ قیمت4.6درہم فی لیٹر ہے
اماراتی حکومت نےمہنگائی سے نمٹنے کیلیے کم آمدنی والے اماراتی خاندانوں کیلیے ایندھن،خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی مد میں 28 ارب درہم( 7.8ارب ڈالر) کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمدنے کہا ہے کہ شہریوں کے لیے موجودہ سوشل سپورٹ اسکیم کی تنظیم نو کی جائے گی تاکہ سالانہ مالی امداد 2.7ارب درہم سے بڑھا کر 5 ارب درہم تک کی جا سکے۔حکومت نے سماجی امداد کے 14 ارب درہم کے بجٹ کو دگنا کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
امریکا میں یوم آزادی کی پریڈ میں فائرنگ،6 افراد ہلاک،24 زخمی
بھارت میں مذہبی بنیاد پر بڑے پیمانے پر قتل عام کا خطرہ ہے، امریکی سفیر
وزارت کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے تحت یہ پروگرام 45 سال سے زائد عمر کے بے روزگار شہریوں کوعارضی مالی امداد کے علاوہ رہائش، خوراک، ایندھن، بجلی اور پانی کی مد میں امداد فراہم کرتا ہے۔
امدادی پیکیج سے 25 ہزار درہم تک کی کل گھریلو آمدنی کے حامل خاندان مستفیض ہوسکیں گے۔کمیونٹی ڈیولپمنٹ کی وزیر ہیسا بوحمید نے کہا کہ ان سبسڈیز میں اضافے کا مقصد مہنگائی سے نمٹنا ہے۔
سرکاری اعداد و شمارکے مطابق امارات میں گزشتہ سال کے مقابلے مالی سال2022 کی پہلی سہ ماہی میں افراط زر کی شرح 3.3 فیصد بڑھی۔این بی ڈی بینک کے مطابق دبئی میں گزشتہ سال کے مقابلے اپریل میں صارفین کی افراط زر 4.6 فیصد تک بڑھ گئی، جو2015 کے بعد سب سے بڑا اضافہ ہے،اشیائے خور و نوش ے کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.8 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ایندھن اور اوسط کرائے میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس اسکیم کا مقصد ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنا ہے،اسکیم کے تحت 2.10 درہم فی لیٹر سےزائد قیمت کے ایندھن پر 85 فیصدتک رعایت فراہم کی گئی ہے۔امارات میں پٹرول کی موجودہ قیمت4.6درہم فی لیٹر ہے۔
خاندان کے سربراہ کو یہ ماہانہ سبسڈی 300 لیٹر تک کے استعمال پر ملےگی جبکہ ملازمت پیشہ بیوی کو 200 لیٹر اضافی ملیں گے۔ اہلیہ کے پاس ملازمت نہ ہونے پر خاندان کے سربراہ کو 400 لیٹر پٹرول رعایتی قیمت پر دیا جائے گا۔
امدادی پیکیج کے حق دار اماراتی شہری کو 4ہزار کلوواٹ تک بجلی کے استعمال پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ 26ہزار گیلن تک پانی کے استعمال پر بھی 50 فیصد رعایت ملےگی۔امدادی پیکیج کے تحت اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کا 75 فیصد اماراتی حکومت برداشت کرے گی۔
اماراتی حکومت نے سوشل ڈیولپمنٹ پروگرام کے امدادی پیکیج کے تحت نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ کیلیے یونیورسٹی ایجوکیشن الاؤنس کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔یہ پروگرام بچوں کو یونیورسٹی میں داخلہ لینے کی ترغیب دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس کے تحت ماہانہ 3200 درہم الاؤنس دیا جائےگا۔
اماراتی حکومت نے خاندان کے بیروزگار سربراہ کیلیے بھی عمر کے لحاظ سے ماہانہ 2 سے 5 ہزار درہم تک الاؤنس کا اعلان کیا ہے جبکہ روزگار کے متلاشی افراد کو بھی بلاتخصیص عمر ماہانہ 5 ہزار درہم الاؤنس دیا جائے گا۔
امدادی پیکیج میں رہائش کی مدمیں سبسڈی بھی شامل ہے جس کے تحت کسی بھی خاندان کو سرکاری رہائشگاہ کا انتظام ہونے تک نجی رہائشگاہ کے لیے ماہانہ 1500 سے 2500 درہم تک دیے جائیں گے۔ والدین یا کسی دوسرے خاندان کے ساتھ رہائش پذیر درخواست دہندگان اس رقم کے 60 فیصد کے حقدار قرار پائیں گے۔
امدادی پیکیج کے تحت اب خاندان کے سربراہ کو کم ازکم 5ہزار درہم ماہانہ الاؤنس ملے گا۔ اس رقم میں 10 سال کے تجربے کے حامل ہر شخص کیلیے ماہانہ 2 ہزار درہم کی شرح سے اضافہ ہوگا اور زیادہ سے زیادہ 13 ہزار درہم فی ماہ تک دی جائےگی۔21 سال کی عمرمیں برسرروزگار ہونے والے 30 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد اس الاؤنس کے حقدار ہوں گے۔
امدادی پیکیج کے تحت بیوی کا الاؤنس 3500 درہم تک بڑھادیا گیا ہے جبکہ پہلے بچے کا الاؤنس ماہانہ 2400 درہم ، دوسرے اور تیسرے بچے کے لیے ماہانہ 1600 درہم اور 21 سال کی عمر تک کے ہر بعد کے بچے کے لیے ماہانہ 800درہم دیے جائیں گے ۔یہ الاؤنس برسرروزگار، بیروزگار اور روزگارکے متلاشی تمام شہریوں پر لاگو ہوگا۔