سری لنکا کے صدر فوجی طیارے میں مالدیپ فرار،ملک میں ایمرجنسی نافذ

73 سالہ صدر گوتابیا راجا پاکسے اپنی اہلیہ اور دو سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ملک سے مالدیپ روانہ ہوگئے، وزیراعظم آفس کی تصدیق، وزیراعظم نے بطور قائم مقام صدر ملک میں ایمرجنسی اور مغربی صوبے میں کرفیو نافذ کردیا

سری لنکا کے صدر گوتابیا راجاپاکسے فوجی طیارے میں ملک سے فرار ہوگئے جس کے بعد ملک میں وزیراعظم رنیل وکرما سنگے نے بطور قائم مقام صدر ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی۔

سری لنکا کے وزیراعظم ہاؤس نے صدر کے ملک سے فرار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے بطور قائم مقام صدر ملک میں ایمرجنسی  جبکہ مغربی صوبے میں کرفیو نافذ کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سری لنکا: صدارتی محل پر مظاہرین کا قبضہ

اقتدار چلاگیا پر اسکینڈلز نے بورس جانسن کا پیچھا نہیں چھوڑا

سری لنکن حکام کے مطابق 73 سالہ صدر گوتابیا راجا پاکسے اپنی اہلیہ اور دو سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ملک سے مالدیپ روانہ ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں شدید عوامی احتجاج کے بعد صدر نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ استعفے کے اعلان کے بعد سے نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئے تھے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سری لنکا کے صدر مالدیپ میں قیام نہیں کریں گے اور وہ وہاں سے کسی اور ملک روانہ ہوں گے۔سری لنکن صدر کے بھائی اور سابق وزیر خزانہ باسل راجاپاکسے بھی ملک سے فرارہوگئے ہیں اور ان کے امریکا جانے کا امکان ہے، سابق وزیر خزانہ کے پاس امریکی شہریت بھی ہے۔

متعلقہ تحاریر