یو این جی اے میں پاکستان کی تعمیر نو کی حمایت پر متفقہ قرارداد منظور
قرارداد کے حق میں 159 ممالک سمیت بین الاقوامی عطیہ دہندگان، بین الاقوامی مالیاتی اداروں ، متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں اور نجی شعبے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) نے جمعہ کے روز متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں عطیہ دینے والے ممالک اور اداروں پر زور دیا گیا کہ وہ پاکستان میں بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مکمل تعاون فراہم کریں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا قرارداد کے حق میں بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ "قدرتی آفت سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ حکومت پاکستان کو اس کڑے وقت میں ہماری حمایت اور مدد کی اشد ضرورت ہے۔”
یہ بھی پڑھیے
بھارتی ریاست کرناٹکا میں ہندوانتہاپسندوں کا 500سال قدیم مسجد پر دھاوا
ایران میں احتجاج میں مزید شدت، امام خمینی کی تصاویر اسکولز سے ہٹائی جانے لگیں
قرارداد کے حق میں 159 ممالک کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
پاکستان میں سیلاب کے منفی اثرات کو کم کرنے اور درمیانی اور طویل مدتی بحالی اور تعمیر نو کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی عطیہ دہندگان، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ ساتھ نجی شعبے اور سول سوسائٹی پر مشتمل اداروں نے مکمل تعاون اور مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
قرار داد کے موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم کا جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ "پاکستان جیسے ممالک ، جو اس طرح کی آب و ہوا سے پیدا ہونے والی آفات کا سامنا کرتے ہیں، انہیں اپنے طور پر بچانے کے لیے تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا۔”
انہوں نے کہا کہ "ہمیں ایسے عالمی میکانزم کی تعمیر کرنی چاہیے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کو وسائل تک رسائی حاصل کرنے کے قابل بنائیں تاکہ وہ بار بار اور زیادہ شدید موسمیاتی آفات کے اثرات کو کم کر سکیں اور اس طرح کی آفات سے جلد نکل سکیں۔”
اپنے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ "انہوں نے صرف سیلاب سے ہونے والی تباہی ہی نہیں دیکھی بلکہ دنیا کے بہترین حصے کو تباہ حال دیکھا ، ایسے امراء کو بھی غربت میں پھنسے ہوئے دیکھا جو اپنے پڑوسیوں اور اجنبیوں کے سخاوت کرتے تھے ،
انہوں نے کہا کہ "لوگوں نے خود کو خطرے میں ڈالا اور دوسروں کو بچانے کے لیے اپنی تمام دنیوی جمع پونجی خرچ کردی۔”
سیکرٹری جنرل نے یاد دلایا کہ 4 اکتوبر کو اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے 816 ملین ڈالر جمع کرنے کے لیے ایک نظرثانی شدہ منصوبہ شروع کیا۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا "میں عطیہ دہندگان، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ ساتھ نجی شعبے اور سول سوسائٹی پر زور دیتا ہوں کہ وہ پاکستان میں بحالی کے کاموں میں ان کوششوں کی مکمل حمایت کریں۔”









