امریکا نے” موت کے سوداگر “کےبدلے روس سے اپنی باسکٹ بال پلیئر رہا کروالی
روسی اسلحہ ڈیلر وکٹر باؤٹ کو 2008 میں امریکا نے اسٹنگ آپریشن میں تھائی لینڈ سے گرفتار کیا تھا، برٹنی گرائنر کو رواں سال فروری میں دورہ روس کے دوران منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتاری کے بعد 9 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

امریکا نے ” موت کے سوداگر “ کے نام سے مشہور بین الاقوامی اسلحہ ڈیلر وکٹر باؤٹ کے بدلے روس میں منشیات کےمقدمے میں گرفتار کے بعد 9 برس قید کی سزا پانے والی اپنی باسکٹ بال پلیئر برٹنی گرائنر کو رہا کروالیا۔
روس سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی اسلحہ ڈیلر وکٹر باؤٹ کو امریکی فورسز نے 2008 میں اسٹنگ آپریشن کے دوران تھائی لینڈ سے گرفتار کیا تھا جبکہ برٹنی گرائنر کی گرفتاری رواں سال فروری میں عمل میں آئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
دہشتگرد دوبارہ منظم ہوئےتو افغانستان میں کارروائی ہوگی، امریکا
ٹائم میگزین نے ایرانی خواتین کو ہیروز آف دی ایئر قرار دے دیا
امریکی صدر جوبائیڈن نے برٹنی گرائنر کے بدلے روسی اسلحہ ڈیلر وکٹر باؤٹ کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدرکا کہنا تھا کہ برٹنی گرائنر روسی جیل سے رہا ہوگئی ہیں، وہ ٹھیک ہیں اور گھر واپس آرہی ہیں۔امریکی حکام کے مطابق صدر بائیڈن اور نائب صدر کاملہ ہیرس نے امریکی کھلاڑی سے فون پر بات بھی کی۔
Moments ago I spoke to Brittney Griner.
She is safe.
She is on a plane.
She is on her way home. pic.twitter.com/FmHgfzrcDT— President Biden (@POTUS) December 8, 2022
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس میں 10 ماہ کی قید سے رہائی کے بعد 32 سالہ برٹنی گرائنر متحدہ عرب امارات پہنچیں گی جہاں سے وہ امریکا کے لیے پرواز میں سوار ہوں گی۔
خیال رہے کہ دو مرتبہ کی اولمپک گولڈ میڈلسٹ برٹنی گرائنر کو رواں سال فروری میں ویمن نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے روس میں ہونے والے مقابلوں میں شرکت کے وقت روسی حدود میں ممنوعہ منشیات( ہشیش آئل) لانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
اگست میں روسی عدالت نے انہیں 9 سال سزا کے ساتھ 10 لاکھ روبل (تقریباً 16 ہزار 990 ڈالر) جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔برٹنی گرائنر کو روسی عدالت کی جانب سے سزا کو امریکی صدر جو بائیڈن نے ناقابل قبول فیصلہ قرار دیا تھا۔
اگست میں برٹنی گرائنر کی جانب سے سزا کے خلاف اپیل کی گئی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا، خاتون کھلاڑی نے روسی عدالت میں اعتراف کیا تھا کہ ان کا کوئی ممنوعہ چیز روس لانے کا ارادہ نہیں تھا، ڈاکٹر کے نسخے پر انہوں نے مذکورہ چیز اپنے ساتھ رکھی تھی۔
موت کا سودا گر کہلانے والا وکٹرباؤٹ کون ہے؟
امریکی باسکٹ بال پلیئر برٹنی گرائنر کے بدلے امریکی قید سے رہائی پانے والے روسی اسلحہ ڈیلر وکٹر باؤٹ کو امریکا نے 2008 میں ایک اسٹنگ آپریشن کے دورنا تھائی لینڈ سے گرفتارکیا تھا، وکٹر باؤٹ پراسلحے کی غیرقانونی فروخت کا الزام تھا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سابق سوویت آرمی کے لیفٹننٹ کرنل وکٹر بوٹ کو 2012 میں امریکی عدالت نے 25 برس قیدکی سزا سنائی تھی، اس پرکروڑوں ڈالرکا اسلحہ فروخت کرنے کی سازش کا الزام تھا جس کے متعلق امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ اسلحہ مبینہ طور پر سیرالیون سے لے کر افغانستان تک امریکیوں کے خلاف استعمال ہونا تھا۔
55 سالہ وکٹر بوٹ طویل عرصے تک امریکا کو مطلوب تھا امریکی محکمہ انصاف نے اسے اسلحے کا سب سے بڑا ڈیلر قرار دیا تھا اور مغربی میڈیا میں اسے موت کا سوداگر بھی قرار دیا گیا تاہم اپنی گرفتاری کے آغاز سے ہی وکٹر بوٹ نے خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔









