برلن میں دنیا کا سب سے بڑا ایکوریم دھماکے سے ٹوٹ گیا، 1500 مچھلیاں بہہ گئیں
برلن میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز دنیا کا سب سے بڑا فش ایکوریم دھماکے سے ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ملبہ سڑک پر پھیل گیا۔

برلن: جرمنی کے دارالحکومت برلن کے سیاحتی مقام ایکواڈوم کے وسط میں واقع دنیا کا سب سے بڑا ایکوریم جمعے کے روز دھماکے سے ٹوٹ گیا ، جس کے نتیجے میں سینکڑوں مچھلیاں اور ایکوریم کا ملبہ سڑک پر بہہ گیا ، ایکوریم سیاحوں کی توجہ کا خصوصی مرکز تھا۔
برلن پولیس حکام کے مطابق ایکوریم ٹوٹنے کا واقعہ صبح 6 بجے کے قریب ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ عمارت کے ایک حصے میں ایک ہوٹل ، کیفے اور ایک چاکلیٹ کی دکان ہے۔ ایکوریم ٹوٹنے سے تقریبا ً ایک ملین لیٹر ( 2 لاکھ 64 ہزار گیلن) پانی سڑک پر بہہ گیا۔
یہ بھی پڑھیے
ایلون مسک نے جاسوسی کرنے والے صحافیوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس معطل کردیئے
دہلی کے انتخابات پر تجزیہ کار کا مزاح سے بھرپور تبصرہ بھارت میں موضوع بحث بن گیا
برلن کے فائر ڈپارٹمنٹ کے حکام کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ حادثے کے نتیجے میں دو افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
AquaDom کمپنی کے مالک ” یونین انویسٹمنٹ رئیل اسٹیٹ” نے جمعے کی سہ پہر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایکوریم ٹوٹنے کی وجوہات "ابھی تک واضح نہیں ہیں۔”
میئر فرانزیسکا گیفی کا کہنا ہے سی سی ٹی وی فوٹیج سے ایسا لگتا ہے کہ جیسے ٹینک سے پانی کا "حقیقی سونامی” باہر آگیا ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ چونکہ واقعہ صبح کے وقت ہوا اس لیے نقصان کم ہوا، تاہم اس کے باوجود ایکوریم کے اردگرد واقع واقع ہوٹلوں میں سے 300 مہمانوں اور ملازمین کو نکالنا پڑا تھا۔
میئر فرانزیسکا گیفی کا کہنا تھا اس تباہی کے باوجود ہم خوش قسمت ہیں کیونکہ اگر ایکوریم پھٹنے کا واقعہ ایک گھنٹے بعد ہوتا تو انسانی جانوں کو نقصان پہنچ سکتا تھا۔ سات بجے کے قریب ایکوریم کے اردگرد کے علاقوں میں لوگوں کا اچھا خاصہ ہجوم جمع ہوتا ہے۔