شہزادہ ہیری کی’اسپیئر‘پہلے دن سب سے زیادہ فروخت ہونیوالی کتاب بن گئی
پہلے ہی دن کتاب کی 14 لاکھ کاپیاں فروخت ہوگئیں، اوباما اور مشیل اوباما کی کتابوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
برطانوی شہزادہ ہیری کی یادداشتوں پر مشتمل کتاب” اسپیئر“ نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ،پبلشر کے مطابق پہلے ہی دن ریکارڈ14 لاکھ کاپیاں فروخت ہوگئیں۔
پینگوئن رینڈم ہاؤس کی جانب سے شائع کردہ پرنس ہیری کی کتاب”اسپیئر“ کا انگریزی زبان کا ایڈیشن منگل کو فروخت کیلیے پیش کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
شہزادہ ہیری نے برطانوی شاہی خاندان کے کئی راز افشا کردیئے
برطانوی شہزادہ ہیری افغان شہریوں کو قتل کرکے جنگی جرائم کا ملزم بن گیا
امریکی میڈیا کے مطابق بدھ کو جاری کیے گئےاعداد و شمار میں امریکا، کینیڈا اور برطانیہ میں فروخت ہونے واکتابیں ، ای بکس اور آڈیو بک ایڈیشن شامل ہیں ۔ جو برطانوی شاہی خاندان کے 38 سالہ رکن کی کتاب کو کسی بھی نان فکشن کتاب کے لیے پہلے دن کی سب سے بڑی فروخت کا مجموعہ بناتے ہیں۔
اسپیئر کے پہلے دن کی فروخت کے مجموعے نے پبلشر کے کچھ پچھلے ریکارڈ توڑدیے ہیں۔ 2020 میں سابق صدر اوباما کی سوانح عمری “A Promise land”کی تقریباً 8لاکھ90 کاپیاں فروخت ہوئیں۔ مشیل اوباما کی 2018 کی کتاب” “Becoming کی پہلے دن 7لاکھ25 ہزار کاپیاں فروخت ہوئیں۔
پرنس ہیری نے اپنی یادداشت میں اپنی اور اہلیہ میگھن کی ڈچز آف سسیکس کے عہدے اور بالآخر شاہی خاندان کے کل وقتی رکن کے طور پر سبکدوشی اور 2020 میں کیلیفورنیا منتقلی کی وجوہات بیان کی ہیں۔
پرنس ہیری نے اپنی کتاب میں 1997 میں اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی موت کے بعد صدمےکو جھیلنے کی جدوجہد،برطانوی میڈیا پر تنقید اور اپنے خاندان سے کشیدہ تعلقات پر بھی اظہار خیال کیا ہے۔