سلامتی کونسل: چین کے رکاوٹ نہ ڈالنے پر عبدالرحمان مکی عالمی دہشت گرد قرار
چین نے 7 ماہ قبل بھارت کی عبدالرحمان مکی کو دہشت گرد قرار دینے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔حافظ عبدالرحمان مکی جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے بہنوئی اور تنظیم کی شوریٰ کے رکن بھی ہیں

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے چین کی جانب سے رکاوٹ اٹھانے کے بعد جماعت الدعوۃ کے سیاسی ونگ کے سربراہ عبدالرحمان مکی کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا۔
چین نے7 ماہ قبل بھارت کی عبدالرحمان مکی کو دہشت گرد قرار دینے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔بہاولپور میں پیدا ہونے حافظ عبدالرحمان مکی جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے بہنوئی اور تنظیم کی شوریٰ کے رکن بھی ہیں۔انہیں امریکا پہلے ہی عالمی دہشت گرد قرار دے چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
محمد بن سلمان کے خلاف مضامین لکھنے پر ماہر تعلیم عواد القرنی کو سزائے موت
القاعدہ برصغیر کے سربراہ اسامہ محمود سمیت 4افراد عالمی دہشت گرد قرار
بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی فہرستیں اور پابندیاں اس طرح کے خطرات کو روکنے اور خطے میں دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی داعش اور القاعدہ پر پابندیوں سے متعلق کمیٹی کی جانب سے عبدالرحمان مکی کو فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔
ترجمان نے کہاکہ ہندوستان دہشت گردی کے خلاف صفر رواداری کے نقطہ نظر کو اپنانے کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے خلاف قابل اعتماد، قابل تصدیق اور فیصلہ کن کارروائی کے لیے بین الاقوامی برادری پر دباؤ ڈالتا رہے گا۔
سلامتی کونسل کی داعش اور القاعدہ پر پابندیوں سے متعلق کمیٹی نے 68 سالہ عبدالرحمان مکی کو اپنے نامزد کردہ دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے ان کے اثاثے منجمد کردیے ہیں اور ان کے لیے سفر اور ہتھیار رکھنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔









