لیاری ایکسپریس وے کے اطراف واٹر مافیا کے خلاف کارروائی

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اینٹی تھیفٹ سیل کے سربراہ کو کراچی سے پانی کی چوری کا عمل روکنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں لیاری ایکسپریس وے کے اطراف میں واٹر مافیا کے خلاف بڑی کارروائی جاری ہے۔

کراچی میں لیاری ایکسپریس وے کے اطراف اینٹی تھیفٹ سیل انچارج راشد صدیقی کی سربراہی میں واٹر مافیا کی جانب سے چوری کی لائنز کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خصوصی احکامات پر کارروائی کی جارہی ہے۔ لیاری کی عوام کو فراہم کیا جانے والا پانی بھی مافیا فروخت کر رہے تھے۔ مافیا عوام کا لاکھوں گیلن پانی چوری کر کے صنعتوں کو فروخت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کارروائی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے ہمراہ کی جارہی ہے جس کا مقصد عوام کے حق کا پانی ان تک پہنچانا ہے۔ شہر میں پانی کے مسائل حل کرنا اور اس کی منصفانہ تقسیم واٹر بورڈ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پیپلزپارٹی رہنماؤں کی خواہش پر ملیر ایکسپریس وے کے روٹ کی تبدیلی کا خدشہ

ناصر حسین شاہ نے اینٹی تھیفٹ سیل کے سربراہ کو شہر بھر سے پانی کی چوری کا عمل روکنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واٹر بورڈ کی مختلف علاقوں سے گزرنے والی لائنز سے پانی چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔ غیر قانونی پانی کے کنکشن کے خلاف کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھی جائیں۔

متعلقہ تحاریر