24 اکتوبر کا دن کھیلوں کے شائقین کے لیے تہوار کا دن

اتوار کے روز دنیائے کرکٹ کے دو روایتی حریف پاکستان اور انڈیا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں ٹکرائیں گے۔

اتوار 24 اکتوبر کا دن کھیلوں کے دلدادا افراد کے لیے کسی تہوار سے کم نہیں ہوگا کیوں ایک دن میں کھیلوں کی دنیا کے 3 بڑے مقابلے منعقد ہونے جارہے ہیں۔ شائقین نے سنڈے کو فن ڈے بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کر لیے ہیں۔

بات کی جائے کرکٹ کی تو متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کا سب سے بڑا ٹاکرا یعنی پاک بھارت میچ کل شام 7 بجے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے جارہا ہے۔ صرف پاکستان اور بھارت ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کے لیے یہ میچ خاص اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان اور بھارت سمیت جہاں جہاں پاکستانی اور بھارتی شہری موجود ہیں وہاں اس میچ کو دیکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ :  سپر 12مرحلے میں آج چار اہم ٹیمیں ٹکرائیں گی

پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی معرکوں کی تاریخ پر ایک نظر

دنیائے کرکٹ کے علاوہ فٹبال کی دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ بھی اتوار کو منعقد ہوگا۔ اسپینش پریمیئر لیگ میں دنیائے فٹبال کے دو بڑے کلبز اور روایتی حریف بارسلونا اور ریال میڈرڈ پاکستانی وقت کے مطابق شام سوا 7 بجے آمنے سامنے ہوں گے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ریال میڈرڈ کیخلاف اعصاب شکن معرکے میں لیونل میسی کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 246 میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں  سے 98 ریال میڈرڈ اور 96 بارسلونا کے نام رہے جبکہ 58 میچز بے نتیجہ ختم ہوئے۔

شائقین فٹبال کے لیے اتوار کا دن بے حد مصروف گزرے گا کیونکہ ریال میڈرڈ اور  بارسلونا کا میچ ابھی ختم نہیں ہوگا کہ رات ساڑھے 8 بجے انگلش پریمیئر لیگ میں روایتی حریف مانچسٹر یونائیٹڈ اور لیورپول کا میچ شروع ہو جائےگا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو جبکہ لیور پول کے اسٹرائیکر محمد صلاح ایکشن میں ہوں گے۔

ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں 81  مانچسٹر یونائیٹڈ کے نام رہے جبکہ 68 میچز میں فتح لیورپول کا مقدر بنی جبکہ 58 میچز بے نتیجہ رہے۔

اسی طرح ٹرافیز کے معاملے میں بھی مانچسٹر یونائیٹڈ کو لیور پول پر معمولی برتری حاصل ہے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ اب تک 66 ٹرافیز اپنے نام کر چکی ہے جبکہ لیور پول 64 ٹرافیز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

متعلقہ تحاریر