ریلوے کے کم آمدن ملازمین کو گھر کے لیے بلاسود قرض فراہمی کا معاہدہ
وفاقی وزیر ریلوے نے کہنا ہے وزیراعظم کے ویژن کے مطابق کم آمدن طبقے کو ترجیحی بنیادوں پر چھت دی جائے گی۔
ریلوے کے کم آمدن ملازمین کو گھر بنانے کیلئے اخوت اسلامک مائیکر و فنانس بلاسود قرضہ فراہم کرے گی جس کے لئے اخوت فاؤنڈیشن اور ریلوے کے درمیان معاہدہ ہو گیا۔ معاہدے کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی۔
اس موقع پر وفاقی ریلوے اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ ریلوے کے کم آمدن ملازمین کو بلاسود قرضہ کی فراہمی سے ان کا گھر بنانے کا خواب پورا ہوسکے گا۔ محکمہ ریلوے میں محنت سے کام کرنے والوں کو مکمل سہولیات دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی کا گرین لائن منصوبہ 25 دسمبر سے آپریشنل ہو جائے گا، اسد عمر
مالی سال 2021 کے دوران لیبر مارکیٹ میں بڑے پیمانے پربہتری
انہوں نے کہا وزیراعظم کے ویژن کے مطابق کم آمدن طبقے کو ترجیحی بنیادوں پر چھت دی جائے گی۔ پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر ریلوے کے 7 مزدوروں کیلئے قرض منظور ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کے نظام کو جدید نظام کے تحت اپ گریڈ کررہے ہیں۔
چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب کا کہنا تھاکہ اخوت موجودہ حکومت کے ساتھ مل کر محکمہ ریلوے کے ملازمین سمیت پولیس اور قلی حضرات کو بھی قرض فراہم کرے گی۔ ریلوے کے ہر ملازم کو بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔
ڈاکٹر امجد ثاقب کا مزید کہنا تھا کہ اب تک 17 ہزار گھر وزیر اعظم کے کم لاگت ہاؤسنگ پروگرام کے تحت بنائے گئے ہیں،ان گھروں کیلئے حاصل کی گئی رقم کی ریکوری 100 فیصد ہے۔
چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن نے کہا کہ سرکاری سطح پر سب سے پہلے ریلوے ملازمین کو بلاسود قرض دیا جارہا ہے،اخوت نے مفت اعلی تعلیم کیلئے یونیورسٹی بنائی ہے، ریلوے ملازمین اس یونیورسٹی میں اپنے بچوں کو داخل کراسکتے ہیں، اخوت کی طرف سے کم آمدنی والے افراد کی بہتری کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔