ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی تعطیلات 3جنوری سے ہوں گی
تعلیمی اداروں میں طلبہ کی انسداد کرونا ویکسی نیشن کا عمل متاثر ہونے کے خدشے پرتاخیرسے تعطیلات کا فیصلہ کیاگیا

ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 3جنوری سے ہوں گی جبکہ اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کے پیش نظر ہفتہ 18دسمبر اور پیر 20دسمبر کو بھی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔ہفتہ 25دسمبر کو قائد اعظم کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیراور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کنٹرول (این سی او سی) اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات 3 جنوری سے کرنے کا فیصلہ کیاگیا ۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان
عیدالفطر کی تعطیلات میں اے ٹی ایمز سے کتنی رقم نکلوائی گئی؟
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وفاقی اور صوبائی وزرائے تعلیم، سیکرٹریز اور وزارت صحت کے حکام کے اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات 25دسمبر سے 4جنوری تک کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا تاہم حتمی فیصلہ این سی او سی کے اجلاس میں کیا جانا تھا۔
این سی او سی نے اجلاس میں اعلان کیا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 3جنوری سے ہوں گی۔تعطیلات معمول سے ہٹ کر کیے جانے کی وجہ یہ ہے کہ تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ طلبہ وطالبات کو ویکسی نیشن کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
این سی او سی کی جانب سے والدین سے کہاگیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن جلد از جلد کرائیں کیونکہ لاکھوں طلبہ کی ویکسی نیشن باقی ہے اور یہ بچے کرونا کے جان لیوا انفیکشن کا شکار ہوسکتے ہیں۔
تاہم ملک کے وہ علاقے ان تعطیلات کے حوالے سے مستثنیٰ ہوں گے جہاں دھند اور موسم کی شدت زیادہ ہے۔ بلوچستان سمیت ملک کے سرد علاقوں میں موسم سرما کی ڈھائی ماہ کی تعطیلات معمول کے مطابق ہوں گی۔ دوسری جانب سندھ حکومت یہ اعلان کرچکی ہے کہ صوبے میں موسم سرما کی چھٹیاں 20 دسمبر سے 3 جنوری تک ہوں گی۔
اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس اور اسلام آباد میں تعطیلات
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اتوار 19دسمبر کو ہورہا ہے۔ اس موقع پر وفاقی دارالحکومت میں چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں ہفتے18 اور پیر19دسمبر کو تعطیلات کا اعلان کیا ہے جبکہ قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر ہفتہ 25دسمبر اور اتوار 26دامبر کو بھی شہری تعطیلات سے فائدہ اٹھائیں گے۔
اوآئی سی کانفرنس کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں مہمانوں کے استقبال اور سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔پہلے اعلان کیا گیا تھا کہ اسلام آباد میں تین روز موبائل فون سروس بند رہے گی تاہم وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اب اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر تینوں دن فون بند نہیں ہوں گے۔









