اندرون سندھ ڈاکو راج پر صحافی کے وزیراعلیٰ سے سخت سوالات

شکار پور میں میڈیا بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے سوالات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور کے ڈاکو زدہ علاقے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہنگامی دورہ کیا۔ ایک صحافی نے وزیراعلیٰ سندھ سے سخت سوالات کیے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی ہے۔

سندھ کے ضلع شکارپور کچے کے علاقے میں واقع گاؤں گڑھی تیغو میں پانچویں روز بھی ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی جاری رہی۔ پولیس نے لاؤڈ اسپیکر پر علاقہ مکینوں کو گھروں سے نہ نکلنے کے اعلانات کیے۔ علاقے میں کرفیو جیسی صورتحال رہی اور لوگ گھروں میں ہی محصور رہے۔

یہ بھی پڑھیے

ڈاکو نے ڈاکو کو تاوان ادا کر کے خاتون کو بازیاب کرالیا

وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کراچی کا دورہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم بدھ کے روز شیخ رشید کے کراچی پہنچنے سے قبل ہی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی ہنگامی دورے پر شکارپور پہنچ گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ سے سخت سوالات

شکارپور میں میڈیا بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے وزیراعلیٰ سندھ سے سخت سوالات کیے اور پوچھا کہ آپ نے بتایا ہے کہ 100 کے قریب پولیس کے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔ بدقسمتی سے کہنا پڑتا ہے کہ درجن کی تعداد میں بھی ڈاکو ہلاک نہیں ہوئے ہیں۔ 2021 کے 4 ماہ کے دوران 190 قتل، پولیس کے 10 جوان شہید اور 63 اغوا ہوچکے ہیں اور آپ کہتے ہیں کہ یہ صرف چند ڈاکو ہیں؟ کیا آپ وزیراعظم عمران خان کے بعد جاگیں گے؟

سوالات کے دوران صحافی جذباتی ہوگئے اور کہا کہ سندھ کے لوگ مر رہے ہیں اور آپ مسلسل سو رہے ہیں۔ ڈاکو چند ہوں یا زیادہ ہوں آپ کو ان کے خلاف کارروائی کرنی پڑے گی۔

پولیس اہلکاروں کا قتل

اس سے قبل ڈاکوؤں نے پولیس کی بکتربند گاڑی پر حملہ کر کے 3 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا تھا جنہیں کچھ دیر بعد قتل کر کے پھینک دیا گیا تھا۔ ڈاکوؤں نے اس سارے معاملے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

8 ڈاکو ہلاک، مغوی بازیاب

سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے بدھ کے روز نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شکارپور میں کارروائی شروع ہوچکی ہے۔ 8 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا گیا ہے اور مغوی بھی بازیاب ہوئے ہیں۔

وزیر داخلہ حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کریں گے

وزیراعظم عمران خان نے منگل کے روز گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور اسد عمر سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو کراچی کا دورہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ بدھ کے روز شیخ رشید کراچی پہنچے تھے اور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ وہ کسی مشن پر نہیں ہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان کو حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کریں گے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وہ سندھ میں امن و امن کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے بعد جمعرات کو شام 4 بجے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے قوم کو تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

وفاق اور صوبے کے اتحاد کی ضرورت

عوام کا کہنا ہے کہ سندھ میں لوگوں کی جان و مال محفوظ نہیں ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ڈکیتیاں اور قتل و غارت کے واقعات بند ہونے چاہئیں۔ ڈاکوؤں کی بیخ کنی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کو متحد ہو کر کارروائی کرنی ہوگی۔

متعلقہ تحاریر