ٹوئٹر پر خواتین کے لیے نیا فیچر
ویب سائٹ پر جو زبان پہلے استعمال ہوتی تھی اس کے لکھنے کا اسلوب مردانہ تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خواتین کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا جارہا ہے جس سے عربی زبان میں نسوانی اسلوب کی سہولت میسر ہوگی۔
سعودی عرب میں خواتین کے لیے قوانین میں مختلف ترامیم کے بعد ٹوئٹر انتظامیہ بھی اس حوالے سے سرگرم ہوگئی ہے۔ ٹوئٹر پر جو زبان پہلے استعمال ہوتی تھی اس کے لکھنے کا اسلوب مردانہ تھا۔ انتظامیہ کی جانب سے تمام تر ہدایات بھی اسی طرز میں لکھی جاتی تھیں لیکن اب عربی زبان میں نسوانی اسلوب کا نیا فیچر متعارف کرادیا گیا ہے۔
پاکستان کی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ مہوش اعجاز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں نئے فیچر کو سراہا ہے۔
Interesting pic.twitter.com/YTd4Pepoal
— Mahwash Ajaz 🇵🇰 (@mahwashajaz_) June 15, 2021
یہ بھی پڑھیے
ٹوئٹر صارف کو فیڈایکس کے عمر کا دلچسپ جواب موصول
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئندہ وقتوں میں ٹوئٹر پروفائل کے حوالے سے بھی اسی قسم کی سہولت میسر ہوگی تاکہ صارف خود اس بات کا فیصلہ کرسکیں کہ انہیں زنانہ یا مردانہ میں سے کس اسلوب سے پکارا جانا پسند ہے۔
مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی ٹوئٹر کمیونیکیشن کی سربراہ کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر کا یہ نیا فیچر اس وقت صرف عربی زبان میں میسر ہے جبکہ مستقبل میں اسے دیگر زبانوں میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے خواتین صارفین کو صرف ٹوئٹر کی ترتیبات میں زبان کی تبدیلی کرنا ہوگی۔ اس سے پہلے دبئی کی کوریئر کمپنی ارامیکس نے بھی اپنی ویب سائٹ پر عربی زبان کا نسوانی اسلوب متعارف کرایا تھا۔
واضح رہے کہ پچھلے دنوں سعودی عرب میں خواتین کو محرم کے بغیر حج کرنے، تنہا رہنے اور اکیلے باہر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔