پی ایس ایکس میں شدید مندی، 100 انڈیکس میں 1053 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ
معاشی ماہرین کے مطابق مختلف قسم کے معاشی چیلنجز اور نئے کورونا وائرس اومی کرون کی بازگشت کی وجہ سے مارکیٹ دباؤ کا شکار ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) بری طرح سے کریش کر گئی۔ کاروبار کے ابتداء ہی میں 100 انڈیکس میں 1053 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز اسٹاک مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار کا دکھائی دے رہی ہے اور 100 انڈیکس میں 1053 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اب سام سنگ کے فونز پاکستان میں بھی تیار ہوں گے
پی ایس ایکس 2.3 فیصد کمی کے ساتھ 100 انڈیکس 45 ہزار کی نفسیاتی حد سے نیچے آگئی ہے۔
دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر کی اونچی پروان جاری ہے اور دوران ٹریڈنگ ڈالر 23 پیسے اضافے سے 175 روپے 71 پیسے ہو گیا ہے۔
بدھ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران مثبت رجحان دیکھنے میں آیا تھا اور 100 انڈیکس میں 296 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ادھر معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کے کریش ہونے کی کئی وجوہات ہیں جن میں دو تین بالکل سامنے کی ہیں۔ سب سے پہلے تو یہ کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا جس سے سرمایہ کار شدید دباؤ کا شکار ہیں دوسرا نئے کورونا وائرس کی آمد کے بعد وفاقی اور سندھ حکومت کی جانب سے لیے گئے فیصلوں نے مارکیٹ میں بےچینی پیدا کردی ہے۔