زارا نعیم علی ظفر کی مداح نکلیں

علی ظفر نے ٹوئٹر پر زارا کو 'حقیقی چیمپئن' قرار دیا۔

ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس (اے سی سی اے) کے امتحان میں دنیا بھر سے ٹاپ کرنے والی پاکستانی طالبہ زارا نعیم معروف گلوکار علی ظفر کی مداح نکلیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے صرف علی ظفر کی مبارکباد کا فوراً جواب دیا۔

ایک ایسے وقت میں جب کرونا کے باعث پاکستان میں طلباء پڑھائی کا حرج ہونے پر پریشان تھے، زارا نعیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو چونکا دیا۔ دسمبر میں ہونے والے اے سی سی اے کے فنانشل رپورٹنگ کے امتحان میں زارا نے 179 ممالک کے طلباء کو پیچھے چھوڑ کر نمایاں پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان کی شان بڑھانے والی زارا نعیم کو ٹوئٹر پر نامور شخصیات کی جانب سے مبارکبادیں موصول ہوئیں۔ سیاستدانوں نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغامات میں زارا کو داد دی لیکن انہوں نے کسی سیاستدان کے ٹوئٹ کا جواب نہیں دیا۔

گزشتہ روز گلوکار علی ظفر نے ٹوئٹر پر زارا کو ‘حقیقی چیمپئن’ قرار دیا۔

حیران کن بات تو یہ تھی کہ بڑی سے بڑی شخصیت کی داد پر خاموش رہنے والی زارا نے علی ظفر کی ٹوئٹ کا فوراً جواب دے دیا۔ ہونہار طالبہ نے علی ظفر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس پیغام سے میں واقعی خوش ہو گئی ہوں۔‘

زارا نعیم کے علی ظفر کو دیئے گئے جواب نے یہ ثابت کردیا کہ وہ گلوکار کی بہت بڑی مداح ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

منفرد انداز نے پارٹی گرل کو انڈیا میں بھی مشہور کرادیا

واضح رہے کہ زارا فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ میں پہلے ہی مبارکباد دینے والی شخصیات کا  شکریہ ادا کرچکی ہیں۔

متعلقہ تحاریر