پولیس اہلکاروں سے بد تمیزی نیا فیشن بن رہا ہے؟
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو خانزہ سے بچاتا رہا۔
پاکستان کے شہر لاہور میں ڈیفنس کے علاقے میں ایک خاتون نے پولیس اہلکار پر مکوں اور گلیوں کی کی بارش کردی۔ وہیں موجود ایک شخص نے اُن کی ویڈیو بنائی ہے جو رات سے ہی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔ لاہور پولیس کے سربراہ نے اِس واقعے کا نوٹس تو لیا ہے اور اِس واقعے کی ایف آئی آر بھی درج ہو گئی ہے لیکن تاحال ملزمہ گرفتار نہیں ہو سکی ہے۔
تھانہ ڈیفنس کی حدود میں گلوریہ جینز کے باہر موجود عینی شاہدین کے مطابق خانزہ نامی لڑکی اپنے دوست کےساتھ گاڑی میں بیٹھ کر مبینہ طور پر نشہ کر رہی تھی۔ پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو لڑکی نے پولیس اہلکاروں سے بد کلامی کی جو بعد میں گالم گلوچ اور ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو خانزہ سے بچاتا رہا۔ ویڈیو میں لڑکی اور اس کے دوست کو پولیس اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کرتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
چالان کیوں کاٹا؟ ڈرائیور نے ٹریفک وارڈن کو اغواء کرلیا
اُدھر لاہور پولیس کے سربراہ عمر شیخ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔ تحمل کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش بھی دی ہے۔ پولیس نےخانزہ نامی لڑکی اوراس کے ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ ڈیفینس تھانے کے ایس ایچ او نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے لاہور، اسلام اباد اور کھاریاں میں چھاپے مارے گئے ہیں لیکن پولیس کو ئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق خانزہ اور اُس کے جان شیر نامی دوست کو پولیس تلاش کر رہی ہے اور جلد ہی کوئی کامیابی حاصل ہو جائے گی۔
سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے اپنے بیان میں خاتون کی پولیس اہلکار سے بدتمیزی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یونیفارم میں اہلکار پر خاتون کا ہاتھ اٹھانا افسوسناک ہے۔
پولیس کے مطابق خانزہ نامی خاتون پنجاب کے شہر کھاریاں کی رہائشی ہے۔ ملزمہ کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور توقع ہے کہ جلد ملزمہ کو گرفتار کر لیا جائے گا۔