ڈاکٹر عامر لیاقت کی فیصل واوڈا پر تنقید

سینیٹ کے لیے امیدواروں کے انتخاب پر نہ صرف ڈاکٹر عامر لیاقت بلکہ تحریک انصاف کے سندھ کے ارکان نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت نے سینیٹ کے ٹکٹ کے لیے اپنی ہی جماعت کے رکن فیصل واوڈا کی نامزدگی پر تحفظات کا اظہار سوشل میڈیا پر کیا ہے۔

سینیٹ کے لیے امیدواروں کے انتخاب پر نہ صرف ڈاکٹر عامر لیاقت بلکہ تحریک انصاف کے سندھ کے ارکان نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت ہمیشہ ہی اپنی حاضر جوابی کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے فیصل واوڈا کی سینیٹ انتخابات میں نامزدگی پر کھل کر تنقید کی ہے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت نے یکے بعد دیگرے ٹوئٹس میں فیصل واوڈا کو آڑے ہاتھوں لیا۔

کئی ٹو ئٹس کرنے کے بعد جب حکمراں جماعت میں سے کسی نے اپنی ہی جماعت کے ممبر قومی اسمبلی عامر لیاقت کے ٹوئٹس کا نوٹس نہیں لیا تو بلاآخر خود ہی عامر لیاقت نے ٹوئٹ کر کے وہ کہہ دیا جس کی تمہید اُنہوں نے اپنے ٹوئٹس میں بنادھنے کی کوشش کی تھی۔ اُنہوں نے ایک اور ٹوئٹ کر کے کہہ دیا کہ کراچی سے اشرف جبار قریشی کو ٹکٹ دینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے

فیصل واوڈا کی عجیب و غریب حرکتیں

واضح رہے کہ جمعے کے روز وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا تھا کہ پی ٹی آئی نے سینیٹ کی زیادہ نشستوں پر اپنے امیدواروں کے ناموں کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت سے عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کو امیدواروں کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ جبکہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا بھی سینیٹ انتخاب میں حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کے خلاف دوہری شہریت چھپانے کے حوالے سے درخواست زیر سماعت ہے جس میں الیکشن کمیشن وفاقی وزیر پر جرمانہ بھی کر چکا ہے۔ جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کے وکیل سے دوہری شہریت رکھنے سے متعلق جواب طلب کر رکھا ہے۔

فیصل واوڈا پر عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت دوہری شہریت سے متعلق غلط بیان حلفی جمع کروانے کا الزام ہے۔

متعلقہ تحاریر