مہنگائی کی وجہ سےلوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، ثروت اعجاز قادری

سربراہ پی ایس ٹی کا کہنا ہے سانحہ سیالکوٹ انسانیت سوز واقعہ تھا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ انجنئیر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور حکومتی کارکردگی نے لوگوں کو بنیادی سہولیات سے محروم کیا ہوا ہے وطن عزیز کو مظبوط بنانے کیلئے لوگوں کے بنیادی مسائل حل کرنے ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ سکھر کے موقع پر سرکٹ ہاؤس میں زرائع ابلاغ کے نمائندگان سے گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر انکے ہمراہ پی ایس ٹی کے رہنما مولانا نور احمد قاسمی ، مولانا حبیب اللہ ،محمد رضوان الحق و دیگر علماء بورڈ کے ممبران شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیے

گورنر ہاؤس اجلاس: حلیم عادل  نے ارباب غلام رحیم  کو کھری کھری سنادی

کارکردگی صفر ، سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنا سیاست بنالیا

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادی نے مزید کہا کہ انتہا پسند ی کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ عدل و انصاف کا معیار بہتر بنایا جائے، ہم سیالکوٹ سانحہ کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، اگر پولیس اور عدلیہ کا نظام بہتر ہو تو اس طرح کے واقعات پر قابو پانا کوئی بڑی بات نہیں ہے ، شریعت میں اور دین اسلام میں اس چیز کی اجازت نہیں کے آپ روڈ پر ہی اپنی عدالت لگائیں۔

انہوں نے کہا کے اگر توہین رسالت کا معاملہ ہو تو اس کے لئے قانون موجود ہے ، سانحہ سیالکوٹ میں ملوث افراد کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں۔ سانحہ سیالکوٹ انسانیت سوز واقعہ تھا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کے  اگر کسی نے ہمارے رسولﷺ  کی شان میں گستاخی ہے تو اس کے قانون اور عدالتیں موجود ہیں ، ہمارے ملک میں عدل و انصاف کا نظام صحیح نہیں جس کی وجہ سے ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں اگر ہم ناموس رسالت پر سچے ہیں تو حضور ﷺ کی سیرت کو اپنانا ہوگا۔

ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کے پاکستان سنی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی، الیکشن سے قبل سڑکیں بنانا اور پانی ملنا شروع ہو جاتا ہے لیکن انتخابات سے قبل عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جاتی۔

متعلقہ تحاریر