ارطغرل کے بعد کیا حلیمہ ہوں گی پاکستانی نوسربازوں کا شکار؟
ترک سیریز میں سازشوں کا مقابلہ کرنے والے اداکار حقیقی زندگی میں پاکستانیوں کے جھانسے میں آگئے۔

پاکستانی عوام بلاشبہ غیر ملکی مہمانوں کا والہانہ استقبال کرتے ہیں۔ ترک فنکاروں کو بھی پاکستان میں بے پناہ عزت و محبت دی جاتی ہے۔ مشہور ترک ڈرامے ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے انگین آلتان نے پچھلے دنوں پاکستان کا دورہ کیا تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ لیکن افسوس کہ ترک سیریز میں سازشوں کا مقابلہ کرنے والے اداکار حقیقی زندگی میں پاکستانی نوسربازوں سے دھوکا کھاگئے۔
انگین آلتان کو ترکی پہنچنے پر معلوم ہوا کہ انہیں پاکستان بلانے والا کاشف ضمیر مختلف مقدمات میں ملزم ہے۔ دراصل انگین نے پاکستان کی نجی کمپنی سے 10 لاکھ ڈالرز کا معاہدہ کیا تھا۔ 5 لاکھ ڈالرز کی ادائیگی کے بعد مزید رقم پاکستان آنے پر دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
کاشف کا کہنا تھا کہ کمپنی کی طرف سے چیک آچکا ہے۔ ترکی پہنچنے پر رقم موصول ہوجائے گی۔ مگر انگین نے ترکی جا کر کاشف سے رابطہ کیا تو کوئی جواب نہ ملا۔ بعد ازاں ترک اداکار نے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ کاشف ضمیر فراڈ اور چوری سمیت 8 مقدمات میں ملوث ہے۔
دوسری جانب ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کا کردار نبھانے والی اداکارہ ایسرا بیلجک کو بھی ان دنوں پاکستان میں بے حد سراہا جارہا ہے۔ ترک اداکارہ کو مختلف پاکستانی برانڈز نے ماڈلنگ کی پیشکش کی ہے۔ ملبوسات کے مشہور برانڈ کھاڈی اور سیلولر کمپنی جیز کے بعد اب ایسرا اسلام آباد کی ہاؤسنگ سوسائٹی ‘بلیو ورلڈ سٹی’ کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر ہوگئی ہیں۔
View this post on Instagram
لیکن ‘بلیو ورلڈ سٹی’ کے حوالے سے ایک مایوس کن واقعہ انگین آلتان کے ساتھ پیش آچکا ہے۔ ترک اداکار اگست میں بلیو ورلڈ سٹی کے برانڈ ایمبیسیڈر منتخب ہوئے تھے ۔انگین نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔
Just signed on to being the brand ambassador for the #BlueWorldCityIslamabad pic.twitter.com/l25Zn3cdSl
— Engin Altan Duzyatan (@EnginAltanDuz) August 31, 2020
ستمبر میں پروجیکٹ کے غیرقانونی ہونے سے متعلق خبریں سامنے آئیں۔ جس کی بنا پر انگین آلتان معاہدے سے دستبردار ہوگئے۔ اداکار نے خصوصی بیان میں کہا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

یہاں یہ بات اہم ہے کہ بلیو ورلڈ سٹی کا اسلام آباد پروجیکٹ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( آر ڈی اے) سے منظور شدہ نہیں ہے۔ ماضی میں آر ڈی اے نے سوسائٹی کے اسپانسرز کو نوٹسز بھی جاری کیے تھے۔ تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔
ترک اداکار کے پاکستانیوں کے ساتھ اب تک دو برے تجربات پیش آچکے ہیں۔ ایسرا بیلجک بھی اب ایک متنازع پروجیکٹ کا حصہ بننے جارہی ہیں۔ دعا ہے کہ اداکارہ کے ساتھ وہ سب نہ ہو جو انگین آلتان کے ساتھ ہوا۔