پیپلز پارٹی کا عمران خان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان
پی پی رہنماؤں نے عمران خان کی جانب سے اپنے قتل کے لیے آصف علی زرداری پر دہشتگرد تنظیموں کو پیسے دینے کا الزام لگایا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے عمران خان کی جانب سے اپنے قتل کے لئے آصف علی زرداری پر دہشت گرد تنظیموں کو پیسے دینے کے الزام پر قانونی چارہ جوئی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری پر سنگین الزامات عائد کئے گئے کہ جو جھوٹے، بے بنیاد ہے اور قابل مذمت ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نئیر بخاری نے قمر زمان کائرہ، فرحت اللہ بابر سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ الزامات کی سیاست کی ہے اور انہوں ںے گزشتہ روز بھی آصف زرداری پر سنگین الزام لگایا۔
یہ بھی پڑھیے
سپریم کورٹ بار کا فواد چوہدری کے وقار کی پامالی پر سخت ردعمل کا اعلان
حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے سنجیدہ نہیں ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ
انہوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ میں عمران خان اداروں، الیکشن کمیشن، سابق آرمی چیف پر الزام لگاتا ہے، عمران خان کو لیگل نوٹس جاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عمران خان کے جھوٹے الزام کو مسترد کرتی ہے جبکہ عمران خان نے خود شدت پسندوں سے معاہدہ کیا انہیں صوبائی اسمبلیاں تحلیل نہیں کرنے چاہیئے تھیں۔ عمران خان ڈپریشن کا شکار ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان کی سیاست جمہوری نہیں ہے اور انہوں نے پیپلز پارٹی قیادت پر سنگین الزام لگایا کہ ان کے خلاف حملے کے لئے دہشت گرد تنظیم کو رقم دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملک جب بھی مشکل دور سے گزر رہا ہوتا ہے عمران خان غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ عمران خان کے الزامات کی انکوائری ہونی چاہیے اور عمران خان کے اس الزام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ عمران خان اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہیں اور جب ادارے نیوٹرل ہو گئے تو فوج کو گالیاں دینا شروع ہو گئے ہیں۔ سپریم کورٹ عمران خان کے بیان کا نوٹس لے اور تحقیقات ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دور اقتدار میں کوئی سیاسی گرفتاری نہیں ہوئی جبکہ فواد چودھری کی گرفتاری الیکشن کمیشن کی درخواست پر ہوئی ہے۔