بزنس کمیونٹی انتخابات کی بجائے معاشی بحران کا خاتمہ چاہتی ہے، گورنر خیبرپختونخوا

گورنر غلام علی کا کہنا ہے کہ الیکشن کے بجائے بزنس کمیونٹی ملک میں موجود معاشی اقتصادی اور صنعتی بحران کا خاتمہ چاہتی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا ہے کہ الیکشن کرانا حکومت کی نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ کہتے ہیں اس قسم کے حالات میں میرا اختیار نہیں کہ میں کہوں کہ انتخابات کرائے جائیں۔ خفیہ ادارے ، اسٹیبلیشمنٹ اور دیگر ادارے رپورٹ دیں اور الیکشن کمیشن انتخابات کرا لے۔

ان خیالات کا اظہار گورنر حاجی غلام علی نے پشاور پریس کلب میں زلمی میڈیا کرکٹ لیگ کی کٹس صحافیوں میں تقسیم کرتے ہوتے کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کھیل صحت مند رہنے کیلئے ایک ضروری جز ہے ، اس لیے صحافیوں کیلئے اس طرح کی صحت مندانہ سرگرمیاں بہت ضروری ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

فواد چوہدری پاکستان کا ہیرو ہے پرویز الہیٰ کے بیان پر دکھ ہوا، حماد اظہر

جیل سے ڈر نہیں لگتا اور موت کو بہت قریب سے دیکھ چکا ہوں، عمران خان

ایک صحافی نے سوال کیا ‘کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مراسلہ آگیا ہے 13 سے 17 اپریل تک انتخابات کرائے جائیں ، انتخاباتی عمل اور اس کی تاخیر پر کیا کہیں گے؟

جس پر گورنر غلام علی کا کہنا تھا کہ ہم پہلے تو نگران کیبنٹ بنانے میں تھوڑا مصروف تھے ، الیکشن کمیشن کی جانب سے جو لیٹر آیا ہے اس کا جواب ہم دینگے، آئین اور قانون جو کہتا ہے ہم اس کی حمایت کرینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں تو چاہتا ہوں کہ آزادانہ غیر جانبدارانہ شفاف اور صاف انتخابات ہونے چاہئیں۔ انکا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کچھ بحرانوں کا شکار ہے جن میں اقتصادی معاشی اور صنعتی بحران شامل ہے ، اس لیے ہمیں اس پر بھی سوچنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی الیکشن کے بجائے ان سب مسلوں کا حل چاہتی ہے۔

متعلقہ تحاریر