ڈسکاؤنٹ کیوں نہیں دیا: ہنزہ میں معروف ریسٹورنٹ کو سیل کردیا

یاک گرل پاسو کی انتظامیہ نے الزام لگایا ہے کہ ہم نے اے سی گوجال کو ڈسکاؤنٹ نہیں دیا تھا جس بنا پر ہمارے ریسٹورنٹ کو سیل کردیا گیا۔

پاکستان میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون چلتا ہے ، گوجال کی ضلعی انتظامیہ نے ہنزہ کے ایک مشہور ریسٹورنٹ یاک گرل پاسو کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر سیل کر دیا ہے، جبکہ انتظامیہ نے الزام لگایا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر گوجال کو ڈسکاؤنٹ نہ دینے پر ان کے ریسٹورنٹ کو سیل کیا گیا ہے۔

ریسٹورنٹ کی انتظامیہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرکے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اسسٹنٹ کمشنر (AC) گوجال راؤ رافع افضل نے رعایت نہ دینے کے بعد الیکٹرک ہیٹر کے استعمال کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے جگہ کو سیل کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے

پشاور کے نجی اسکول میں پشتو بولنے پر پابندی، خلاف ورزی پر جرمانہ

پشاور دھماکے اور صوبائی الیکشن سے متعلق معظم جاہ کے بیانات وفاقی حکومت کو ایک آنکھ نہ بھائے

ریسٹورنٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کاروباری کارروائیوں کو قانون کے ذریعے تحفظ حاصل ہوتا ہے، اور ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اے سی کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر گوجال راؤ رافع افضل ضلعی انتظامیہ کو ریسٹورنٹ سیل کرنے کے احکامات دے رہے ہیں۔

ویڈیو میں اسسٹنٹ کمشنر کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ریسٹورنٹ کو الیکٹرک ہیٹرز کو غیرقانونی طور پر چلانے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر بند کیا جارہا ہے۔

ویڈیو میں ایک خاتون کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ سر آپ کو گذشتہ رات ڈسکاؤنٹ نہیں دیا تھا جس کی وجہ سے آپ ریسٹورنٹ کو سیل کررہے ہیں، جس پر راؤ رافع افضل کا کہنا تھا میں ڈسکاؤنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر راؤ رافع افضل نے اپنے موقع دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنے خلاف تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں ، یہ لوگ محض پروپیگنڈا کرکے رائے عامہ کو اپنے حق میں استوار کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ گوجال میں بھاری آلات اور الیکٹرک ہیٹر کے استعمال پر 28 نومبر 2022 سے پابندی ہے ، ریسٹورنٹ والوں نے ضابطہ فوجداری دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی ، اس کی خلاف ورزی پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعہ 188 کے تحت قابل سزا ہے۔

متعلقہ تحاریر