آفتاب سلطان کے مستعفی ہوتے ہی نیب نے عمران خان کو اہلیہ سمیت طلب کرلیا
نیب نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو تحقیقات کیلئے 9 مارچ کو طلب کرلیا ہے، سابق وزیراعظم کی طلبی کا نوٹس چیئرمین نیب آفتاب سلطان کے مستعفی ہونے کی خبر سامنے آنے کے فوری بعد جاری کیا گیا ہے
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کیلئے طلب کرلیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق نیب نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو تحقیقات کیلئے 9 مارچ کو طلب کیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
لاہور ہائیکورٹ میں توشہ خانہ سے فیضیاب شخصیات کا ریکارڈ پیش کردیا گیا
ذرائع کے مطابق کے مطابق عمران خان کو نیب اسلام آباد کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا ہے جوکہ انکی رہائش گاہ بنی گالہ اور چک شہزاد کے پتے پر بھیجا گیا ہے۔
نیب کے نوٹس میں توشہ خانہ کی 6 گھڑیوں سے متعلق سوالات پوچھے گئے ہیں جبکہ دیگر قیمتی تحائف کے حوالے سے بھی سوال شومل کیے گئے ہیں۔
قومی احتساب بیوروذرائع کے مطابق توشہ خانہ کیس میں7 مارچ کو پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی جبکہ فواد چوہدری کو 8 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی طلبی کا نوٹس چیئرمین نیب آفتاب سلطان کے مستعفی ہونے کی خبر سامنے آنے کے فوری بعد جاری کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق چیئرمین نیب اہم ترین سیاسی معاملات پر بہت زیادہ دباؤ میں تھے جبکہ اختیارات محدود ہونے سے بھی ناخوش نظر آتے تھے۔
مستعفی چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا ہے کہ احتساب بیورو کے افسران کسی بھی غیر قانونی اور غیر آئینی احکامات نہ مانیں ۔
نیب ہیڈکوارٹر میں الودعی خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ مجھ پر دباؤ تھا کہ اس کو پکڑ لو ،اس کو چھوڑ دو مگر میں مداخلت برداشت نہیں کرسکتا تھا ۔