اقدام قتل کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں ایک روز توسیع
چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے ضمانت میں ایک روز توسیع کی درخواست کی تھی جسے ایڈیشنل سیشن جج نے منظور کرلیا۔
عمران خان کی توشہ خانہ کیس جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی ، ایڈیشنل سیشن جج نے متفرق درخواستوں پر محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا ہے ، جبکہ اقدام قتل کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں مزید ایک روز توسیع کردی گئی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کا دوران سماعت کہنا تھا کہ ہمارے پاس اختیار نہیں ہے کہ ایک کورٹ سے نکل کر دوسری کورٹ میں بیٹھ جائیں۔ عدالت نے مدعی وکیل کی درخواست ضمانت خارج کرنے اور پمز سے عمران خان کا میڈیکل کرانے کی درخواستیں بھی مسترد کردیں۔
یہ بھی پڑھیے
لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب عوام کو اداروں کیخلاف اکسانے پر گرفتار
سپریم کورٹ آف پاکستان نے گذشتہ ایک سال کے دوران 24 ہزار سے زائد کیسز نمٹائے
رہنما ن لیگ اور ایڈووکیٹ محسن شاہ نواز رانجھا کی طرف سے تھانہ سیکریٹریٹ میں عمران خان پر اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ جس پر آج سماعت کی گئی ہے ، سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی ہے۔
عدالت میں متفرق درخواستیں دائر کی گئی تھیں ، توشہ خانہ کیس جو فوجداری سے متعلق ہے اسے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی استدعا کی گئی تھی ، جسے ایڈیشنل سیشن جج نے مسترد کردیا ہے۔
عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی جانب سے ایک اور استدعا کی گئی تھی کہ ضمانت کا جو فیصلہ ہے اسے ایک روز کے لیے مزید موخر کردیا جائے۔
عدالت کی جانب سے عمران خان کی آج کی حاضری سے متعلق استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی ہے ، کیس کی سماعت کل تک کےلیے ملتوی کردی گئی ہے ، اور عبوری ضمانت میں ایک دن کی توسیع کردی ہے۔
عدالت میں عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کل عدالت کے روبرو پیش ہوں گے۔ جس کی بنیاد پر عدالت نے ضمانت میں ایک دن کی توسیع دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی ہے۔