سی ٹی ڈی پنجاب کی لاہور اور سرگودھا میں کارروائیاں ، 8 مشتبہ دہشتگرد گرفتار
ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کالعدم عدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشتگردوں سے بم، دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، اسلحہ اور ایک کالعدم تنظیم کی فنڈنگ سے متعلق مواد برآمد ہوا ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے لاہور اور سرگودھا سے 8 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے آٹھ مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بم، اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور دیگر مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی: اسٹیل ٹاؤن سے لاپتہ 6 سالہ فرح کی لاش برآمد، پڑوسی قاتل نکلا
کراچی: بہادر آباد میں بلڈر سے 5 کروڑ 94 لاکھ روپے کی ڈکیتی
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق محکمہ نے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر لاہور اور سرگودھا کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جس کے بعد کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 8 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ ایجنسیوں نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کرکے لاہور اور سرگودھا کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ لاہور سے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ تین کو سی ٹی ڈی نے سرگودھا سے گرفتار کیا۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں محمد لقمان شاہد، سید انس وقار، ثناء اللہ، سلیمان خان اور نجیب اللہ شامل ہیں جبکہ ارشاد اللہ اور محمد طاہر کو سرگودھا سے گرفتار کیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بم، دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، اسلحہ اور ایک کالعدم تنظیم کی فنڈنگ سے متعلق مواد برآمد کیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے رواں ہفتے 382 کومبنگ آپریشن کیے جن میں کومبنگ آپریشن کے دوران 18020 افراد کو چیک کیا گیا اور 59 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔