پاک بحریہ دشمن کے دانت کھٹے کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ڈی جی فواد بیگ
ریئر ایڈمرل مرزا فواد امین بیگ نے سی پیک کی کامیابی اور سیکورٹی میں پاک بحریہ کے کردار اور اہمیت پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی گوادر میں اس کی حفاظت کے لیے ایک نیول بیس ہوگا۔
اسلام آباد: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل مرزا فواد امین بیگ نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں “پاکستان کی سلامتی اور معیشت میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا کردار” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں کہا ہے کہ میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری ملک کے معاشی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اسلامی یونیورسٹی کے اقبال انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ، شعبہ سیاست و بین الاقوامی تعلقاتِ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے اشتراک سے یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں بدھ کے روز منعقدہ اس سیمینار میں سوشل سائنسز فیکلٹی کے سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کہا کہ پاک بحریہ بہترین جنگی حکمت عملی کے ذریعے دشمن کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹ کر اس کے دانت کھٹے کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے پاک بحریہ کے بین الاقوامی تعاون ، مشقوں اور عالمی بحری حفاظتی پیٹرولنگ جیسی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے خطے میں پاک بحریہ کے کردار اور سرگرمی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
یہ بھی پڑھیے
خیبر پختونخوا میں عام انتخابات: گورنر کےپی اور ای سی پی حکام کے درمیان مذاکرات بےنتیجہ ختم
شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن ، 6 دہشتگرد ہلاک
انہوں نے سامعین کو پاکستان کی میری ٹائم تجارت اور وسائل کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری ٹائم ایک ایسا خزانہ ہے جس کے مناسب استعمال کے ذریعے ملکی معاشی استحکام کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی دہائی میں نئے بحری جہازوں، جدید اسلحہ، میزائلز ، جدید ویسلز اور کئی ایک جدید وسائل کا اصافہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی پاک بحریہ کے پاس دشمن کو حیران کرنے کے لیے اے آئی پی انجن سے لیس آبدوزیں ہوں گی۔
ریئر ایڈمرل مرزا فواد امین بیگ نے سی پیک کی کامیابی اور سیکورٹی میں پاک بحریہ کے کردار اور اہمیت پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی گوادر میں اس کی حفاظت کے لیے ایک نیول بیس ہوگا۔
انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ افواہوں اور پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور اس بات پر زور دیا کہ انہیں تحقیق پر مبنی منصوبوں میں شامل ہونا چاہیے جس کے لیے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی عملی تحقیق پر مبنی پروجیکٹس پر کام کرنے کے وسیع مواقع فراہم کر رہی ہے۔
اس موقع پر بین الاقوامی تعلقات کے ماہر اور جامعہ کے ڈائریکٹر اکیڈمکس، پروفیسر ڈاکٹر محمد خان نے سیمینار سے خطاب کیا اور پاکستان کی میری ٹائم سیکیورٹی: چیلنجز اور امکانات پر لیکچر دیا۔
انہوں نے پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا اور ایک انتہائی اہم موضوع پر تعمیری مکالمے کے لیے یونیورسٹی کے ساتھ ہاتھ اشتراک پر شکریہ ادا کیا۔
پروفیسر محمد خان نے طلباء کو پاک بحریہ کی طاقت اور وطن کے تحفظ میں اس کے تاریخی کردار کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے سیمینار کے کامیاب انتظامات میں تعاون پر سید حسن آفتاب اور آئی آر ڈی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
سیمینار میں، ڈاکٹر مسعود خٹک نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے ماضی میں پاک بحریہ کی جانب سے کامیابی سے نمٹائے گئے چیلنجز اور دشمن کی جانب سے ممکنہ خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے میری ٹائم کے تجارت پر بھی بات کی۔سرگرمی کا اختتام ڈی جی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ساتھ سوال و جواب کے ایک انٹرایکٹو سیشن کے ساتھ ہوا جس میں مرد اور خواتین طلباء نے سیمینار کے موضوع کی روشنی میں مختلف سوالات پوچھے۔
دریں اثناء پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل مرزا فواد امین بیگ نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یونیورسٹی کے صدر نے مسلم معاشروں میں یونیورسٹی کے کردار اور مسلم دنیا میں تعلیم کے فروغ کے لیے اس کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے یونیورسٹی کے تفصیلی تعارف، اس کی حالیہ سرگرمیوں، تعاون اور قومی خدمت کے پیغام پاکستان جیسے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر معیاری تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ڈی جی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے پیشکش کی کہ ایجنسی یونیورسٹی کے طلباء کو انٹرن شپ اور سپانسرڈ تحقیقی پروجیکٹس کے لیے خوش آمدید کہے گی تاکہ وہ موثر اور فائدہ مند تحقیق کےلئے عملی تجربہ حاصل کر سکیں۔
انہوں نے 40 سے زائد ممالک کے طلباء کو یونیورسٹی کی طرف سے فراہم کی جانے والے سہولیات کی ںھی تعریف کی۔ ملاقات کے اختتام پر یونیورسٹی کے صدر نے ریئر ایڈمرل مرزا فواد امین بیگ کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔