انسداد دہشتگردی کی عدالت کا رانا ثناء اللہ کو 12 بجے پیش ہونے کا حکم
گذشتہ سماعت پر رانا ثناء اللہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے تھے۔
گوجرانوالہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو دوپہر 12 بجے تک پیش ہونے کی مہلت دے دی ہے۔ رانا ثناء اللہ کے وکلا نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کے لیے عدالت میں درخواست دے دی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف گوجرانوالہ کے تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں مبینہ طور پر ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اس کے چیف سیکریٹری پنجاب اور ان کے اہلخانہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کے بھانجے حسان نیازی 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ
لاہور ہائیکورٹ کی عمران خان کو سیکورٹی کے لیے ایس پی سیکورٹی سے رجوع کرنے کی ہدایت
پولیس نے اس مقدمے کی رپورٹ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں جمع کرا دی تھی ، جس پر رانا ثناء اللہ کے وکیل نے اس کیس کو ختم کرنے کی عدالت سے استدعا کی تھی ، جس پر عدالت نے حکم دیا تھا کہ رانا ثناء اللہ خود عدالت میں پیش ہوں۔
گذشتہ سماعت پر رانا ثناء اللہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے تھے۔
عدالت نے ڈی پی او گجرات کو ہدایت کی تھی کہ وہ رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرکے پیش کریں۔
وفاقی وزیر داخلہ کے وکلاء کا کہنا ہے کہ آج ان کے موکل عدالت میں پیش ہو جائیں گے ، جس پر عدالت نے سماعت 12 بجے تک کے لیے ملتوی کردی ہے۔









