مردان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا کمانڈر ہلاک

چھاپے کے دوران دہشتگرد داعش کمانڈر قاری فواد علی عرف فواد الخراسانی کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہوگیا۔

مردان میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائی کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید جبکہ سی ٹی ڈی ٹیم کی جوابی فائرنگ سے کالعدم تنظیم داعش کا کمانڈر ہلاک ہوگیا۔ شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی ٹیم نے تخت بھائی کے علاقہ جہانگیر آباد میں کالعدم داعش کے ایک کمانڈر کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائی کی ، چھاپے کے وقت مبینہ کمانڈر قاری فواد علی عرف فواد الخراسانی مسجد کے بالائی منزل میں موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیے

پاک بحریہ کا لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

لکی مروت میں پولیس اسٹیشن کے قریب دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 4اہلکار شہید

سی ٹی ڈی ٹیم جیسے ہی پہنچی تو کالعدم تنظیم کے کمانڈر نے ٹیم کے ساتھ چلنے پر رضامندی ظاہر کردی ، ضروری سامان ساتھ لینے کا کہہ داعش کمانڈر کمرے کے اندر چلا گیا ، جہاں سے اُس نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ شروع کردی جس سے ایک کانسٹیبل عثمان شاہ گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق مطابق زخمی ہونے کے باوجود پولیس اہلکار نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کردی جس سے کمانڈر قاری فواد علی عرف فواد الخراسانی ہلاک ہوگیا۔

ہلاک ہونے والے کمانڈر کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ دو سال سے مذکورہ علاقے کی مسجد میں پیش امام تھا اور دہشت گردی کے مختلف واقعات میں مطلوب تھا دریں اثناء شہید کانسٹیبل عثمان شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔

جنازے میں ڈی پی او نجیب الرحمان، ڈپٹی کمشنر کپیٹن ریٹائر عبدالرحمان، سٹی میئر حمایت اللہ مایار سمیت شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی ، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔

متعلقہ تحاریر