کوہاٹ: مسجد کے باہر دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید
ذرائع کا کہا ہے حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کر لی ہے۔
کوہاٹ میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں تپی کے علاقے میں مسجد کے باہر سیکورٹی پر تعینات دو پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں نے فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکار مسجد شہدا میروزئی کے باہر نماز عشاء کی سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے تعینات تھے جب دہشت گردوں نے ان پر حملہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
پاک ایران سرحد پر دہشتگردوں کی فائرنگ ، پاک فوج کے چار جوان شہید
مردان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا کمانڈر ہلاک
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل قاسم اور کانسٹیبل ایاز کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کو شدید زخم آئے تھے جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ حملے کے بعد پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
شہید اہلکاروں کی لاشوں کو مزید تفتیش کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس نے تحقیقات کا حکم دیا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ دہشت گردوں کی گولیاں پولیس اہلکاروں کے ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹس سے کیسے گزر گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہید کانسٹیبل قاسم کی بلٹ پروف جیکٹ سے چار گولیاں گزر کر ان کے سینے میں پیویست ہو گئیں۔ اس واقعے نے ایک بار پھر صوبے میں سیکیورٹی اداروں کو درپیش سنگین سیکیورٹی چیلنجز کو اجاگر کردیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہا ہے حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کر لی ہے۔









