ضلع مظفرگڑھ کا شہری تین ماہ سے زمان پارک کے باہر عمران خان سے ملاقات کے لیے موجود
ذوالفقار علی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے قریبی لوگوں کو ورکرز کا خیال نہیں ہے۔ اس بار ٹکٹوں کا حق نئے لوگوں کا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان سے پیار کرنے والا پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ کا رہائشی ذوالفقار علی پچھلے تین ماہ سے عمران خان سے ملاقات کرنے کی امید سے زمان پارک موجود ہیں۔
ذوالفقار علی اپنے سر پر پارٹی کے جھنڈے جبکہ قمیض پر عمران خان اور پارٹی کے انتخابی نشان والی بیجیز لگا رکھیں ہیں۔
ذوالفقار علی عمران خان سے نالاں نظر آتے ہیں ، انہوں نے نیوز 360 کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سے محبت اور ان کی حفاظت کیلئے یہاں موجود ہیں مگر 3 ماہ سے ملاقات نہیں ہو سکی، اب بھی ٹکٹوں والوں سے ملاقاتیں ہورہی ہیں عمران خان کے آس پاس چمچے اور سازشیی لوگ ہیں جو ہماری ملاقات نہیں ہونے دیتے۔
یہ بھی پڑھیے
پنجاب اور کےپی میں انتخابات وقت پر نہ ہوئے تو عوامی انقلاب آئے گا، فواد چوہدری
کوئی احمق ہی انتخابات اکتوبر سے آگے لے جانے کی بات کرسکتا ہے، آصف زرداری
ذوالفقار علی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے قریبی لوگوں کو ورکرز کا خیال نہیں ہے۔ اس بار ٹکٹوں کا حق نئے لوگوں کا ہے۔ عمران خان نے پرانے لوگوں کو آزما لیا۔ جہانگیر ترین ، علیم خان اور کئی لوٹوں کی وجہ سے عمران خان کی حکومت گئی ، ان کی وجہ سے ناکام حکومت رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ غلطیاں پہلے بھی ہوئی ہیں اب بھی ہورہی ہیں ، اب بھی اگر یہی غلطیاں ہونگی تو عمران خان کامیاب نہیں ہونگے۔
ذوالفقار علی کا کہنا تھا کہ میں دو بار اپنے خرچے پر بنی گالا گیا عمران خان سے ملاقات نہیں ہوئی اب بھی کوششیں کی ، مگر عمران خان سے ملاقات نہیں ہو رہی، عمران خان کے گرد چمچے ہمیں دھکے دیتے ہیں کہ ہم اپنے لیڈر سے بات نہ کر لیں۔
اس سب کے باوجود ذوالفقار علی پُرامید ہے کہ ایک دن اس کی ملاقات عمران خان سے ہو جائے گی اور اس کا لیڈر کامیاب ہو جائے گا۔