مجبور مت کریں، راز باہرنکالے تو آپ بے عزت ہوجائینگے، عمر اکمل کا سینئرز کوانتباہ

خدارا جب تک آپ کے پاس ثبوت نہیں ہیں تب تک مجھ سمیت کسی دوسرے کرکٹر پر بات نہ کریں، میں نے باتیں باہر نکالیں تو عوام کرکٹ دیکھنا چھوڑ دیں گے، بلے باز کی نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو

پاکستانی بلے باز عمر اکمل نے تنقید کرنے والے سینئر کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ”خدارا! مجھے مجبور مت کریں، میرے پاس آپ کے راز پڑے ہوئے ہیں، اگر میں نے راز باہر نکالے تو آپ کی عزت نہیں رہے گی“۔

 عمر اکمل نے حال ہی میں نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی تھی اور نجی زندگی سمیت اپنے کیریئر اور خود پر ہونے والی تنقید پر کھل کر گفتگو کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

میزبان نادر علی نے  عمر اکمل سے ان کی وائرل ڈانس وڈیوز اور ٹک ٹاک ویڈیوز سے متعلق سوال کیا کہ آپ جو وڈیوز بناتے ہیں لوگ اس پر تنقید کرنا شروع کردیتے ہیں جب کہ وہ ویڈیوز آپ کے فری ٹائم میں بنائی گئی ہوتی ہے، ایسا نہیں ہوتا کہ میچ کے درمیان ڈانس کی وڈیو بنی ہو،تو کیا آپ تنقید سے افسردہ ہوتے ہیں یا اسے سنجیدہ نہیں لیتے؟

جواب میں عمر اکمل نے کہا کہ”اگر انسان اپنے بہن بھائیوں کی شادی پر انجوائے نہ کرسکے تو کیا باہر والوں کی شادیوں پر کرے؟ اگر کوئی شخص اپنے قریبی کی شادی یا کسی تقریب میں ڈانس کرلے تو اس میں کوئی بری بات تھوڑی ہے“۔

عمر اکمل نے کہاکہ” میرے خیال میں زیادہ تر کرکٹرز ہی ایسی باتیں کرتے ہیں  اور جو یہ بولتے ہیں میں نے ان کے ساتھ بہت کرکٹ کھیلی ہوئی ہے تو خدارا ایسا نہیں کریں“۔

انہوں نے کہا کہ”جو مجھے یہ بولتے ہیں وہ میرے سینئر ہیں اور میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں ، مجھے مجبور نہ کریں، ان کے راز بھی میرے پاس پڑے ہیں، اگر میں نے وہ راز باہر نکالے تو ان کی عزت نہیں رہے گی“۔

عمر اکمل نے کہا کہ”اگر انہیں چار، پانچ لاکھ بندہ جانتا ہے تو مجھے بھی پچاس ساٹھ ہزار لوگ تو جانتے ہوں گے، خدارا جب تک آپ کے پاس ثبوت نہیں ہیں تب تک مجھ سمیت کسی دوسرے کرکٹر پر بات نہ کریں“۔

کرکٹر نے مزید کہا کہ ”وہ سمجھتے ہیں کہ یہ چھوٹا ہے، قابو آجائے گا لیکن اب میں چھوٹا نہیں رہا، میرے3 بچے ہیں، میری بھی فیملی ہے انہیں یہ باتیں بری لگتی ہیں“۔

انہوں نے کہاکہ ” جس کو میں یہ بات بول رہا ہوں، ان تک یہ پہنچ جائے گی، اگر میں نے وہ باتیں باہر نکالیں تو ہماری عوام بہت اچھی ہے وہ کرکٹ دیکھنا چھوڑ دے گی“۔

متعلقہ تحاریر