گلوکارہ ماہا علی کاظمی کا علی نور پر کوک اسٹوڈیو میں جنسی ہراسانی کا الزام
علی نور نے گھٹیا مطالبات کرکے میرا کوک اسٹوڈیو کا آڈیشن برباد کیا، وہ مردوں کے اس طبقے سے تعلق رکھتا ہے جو شوبز اور میوزک انڈسٹری میں آنے والی نئی لڑکیوں کو نشانہ بناتے ہیں، گلوکارہ نے علی نور کو جنسی درندہ قرار دیدیا

معروف پاکستانی گلوکار اور نوری بینڈ کے روح رواں علی نور ایک مرتبہ پھر جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات کی زد میں آگئے۔
ابھرتی ہوئی نوجوان گلوکارہ ماہا علی کاظمی نے علی نورپر کوک اسٹوڈیو کے آڈیشن کے دوران جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں گھٹیا مطالبات کا مرتکب قرار دیتے ہوئے جنسی درندے کا لقب دیدیا۔
یہ بھی پڑھیے
گلوکار علی نورنے ہراسانی کے الزام پر خاتون صحافی سے معافی مانگ لی
گلوکارعلی نور پر این سی اے کی طالبہ کا بھی جنسی ہراسانی کا الزام
ماہا علی کاظمی نے انسٹاگرام اسٹوریز میں متعدد ویڈیوز اور پوسٹس شیئر کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ علی نور نے کوک اسٹوڈیو کے لیے ان کے آڈیشن کو برباد کیا اور ان سے نامناسب مطالبات کیے۔
Singer Maha Ali Kazmi accused famous musician Ali Noor of sexual harassment during her Coke Studio audition. Taking to Instagram, Maha called out Ali Noor for sabotaging her Coke Studio audition by making inappropriate offers.#DialoguePakistan #Singer #MahaAliKazmi #musician… pic.twitter.com/TOKebejt3K
— Dialogue Pakistan (@DialoguePak) April 18, 2023
گلوکارہ کے مطابق جب وہ آڈیشن کے لیے کوک اسٹوڈیو پہنچیں تو علی نور نے ان سے پیشہ ورانہ سوالات کے بجائے نامناسب اور ذاتی سوالات کرنا شروع کیے اور بہتر آڈیشن کے لیے انہیں منشیات استعمال کر نے کا مشورہ دیدیا۔
گلوکارہ نے متعدد ویڈیوز میں علی نور کے رویے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے انہیں جنسی درندہ بھی قرار دیا۔ماہا علی کاظمی کا کہنا تھا کہ علی نورمردوں کے اس طبقے سے تعلق رکھتے ہیں جو شوبز اور میوزک انڈسٹری میں آنے والی نئی لڑکیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
گلوکارہ نے الزام عائد کیا کہ علی نور نے متعدد نوجوان لڑکیوں کی گلوکاری کے بہانے زندگی تباہ کی۔ماہا علی کاظمی نے اعتراف کیا کہ اگرچہ وہ اتنی زیادہ مشہور گلوکارہ نہیں ہیں تاہم وہ اتنی باصلاحیت ہیں کہ اپنا کیریئر خود بناسکتی ہیں اور انہیں علی نور جیسے غلیظ انسان کی خواہشات پوری کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

ماہاعلی نے کہا کہ انہوں نے شہرت کے لیے اپنے جسم کو نہیں بیچا، انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔انہوں نے موسیقار پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں نوجوان لڑکیوں کی زندگی تباہ کرنے کا ذمہ دار بھی قرار دیا۔
واضح رہے کہ گلوکارہ ماہا علی کاظمی شادی شدہ اور ایک بچے کی ماں ہیں جبکہ علی نور پہلی مرتبہ جنسی ہراسانی کے الزامات کا سامنا نہیں کرہے۔ گزشتہ برس صحافی عائشہ بنت ارشد اور نیشنل کالج آف آرٹس کی ایک طالبہ نے بھی گلوکار پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے۔
علی نور نے پہلے عائشہ بنت ارشد کے الزامات کو جھوٹ قرار دیا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے خاتون سےاپنے ماضی کے رویے کی معافی مانگ لی تھی۔









