پاکستان نے روس سے خام تیل کے پہلے کارگو جہاز کا آرڈر دے دیا

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان سستے تیل کے نئے معاہدے کے تحت پہلے آرڈر کی تصدیق کر دی ہے۔

پاکستان نے روس سے تیل خریدنے کے لیے پہلے کارگو جہاز کا آرڈر دے دیا ، ٹیسٹ کے لیے منگوایا گیا جہاز مئی کے وسط میں پاکستان پہنچے گا۔ وزارت پیٹرولیم کے مطابق پاکستان اپنی ضرورت کا 33 فیصد سستا تیل روس سے خریدنا چاہتا ہے۔

میکرو اکنامک چیلنجز سے نکلنے کے لیے پاکستان نے روس سے سستا تیل درآمد کرنے کے لیے اپنا پہلا آرڈر دے دیا ہے، معاشی مشکلات پر گھرے پاکستان کے لیے سستے ایندھن کی تلاش واحد حل رہا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے روس سے سستا خام تیل درآمد کرنے کا اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تیل صاف کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان؛ ڈالر اور سونے کے بھاؤ میں کمی

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں بہتری، مارچ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 654  ملین ڈالر سرپلس میں چلے گیا

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے روس سے خام تیل کی خریداری کی تصدیق کردی۔ وزارت پیٹرولیم کے حکام کے مطابق حکومت نے خام تیل کے پہلے جہاز کا آرڈر دیا ہے جو مئی کے وسط میں کراچی بندرگاہ پر پہنچے گا۔

حکام نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی تیل کی درآمدات کا 33 فیصد روس سے حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اور پہلے کارگو کی آمد ماسکو سے سستے تیل کی خریداری کے معاہدے کا باقاعدہ آغاز ہے۔

پاکستان روس سے دو قسم کا خام تیل درآمد کرے گا یورال اور سوکولس۔ روسی ٹیم بھی پاکستان میں خام تیل کو صاف کرنے کے لیے موجود رہے گی۔

اس معاہدے کے تحت پاکستان صرف خام تیل خریدے گا، ریفائنڈ ایندھن نہیں۔ ابتدائی طور پر شروع ہونے والی درآمد 100,000 بیرل یومیہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (PRL) ابتدائی طور پر روسی خام تیل کو ریفائن کرے گی، جبکہ ٹرائل رن کے بعد دیگر ریفائنریز کو شامل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ روس کے وزیر توانائی نکولے شولگینوف نے جنوری میں ایک وفد کے ہمراہ اس معاہدے کی توثیق کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ نکولے شولگینوف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان کو تیل کی برآمد مارچ کے بعد شروع ہو سکتی ہے۔

متعلقہ تحاریر